ہفتہ, جون 6, 2026
اشتہار

’’خاتون کے ہاں 5 دن میں چار بچوں کی پیدائش‘‘ طبی دنیا بھی حیران

اشتہار

حیرت انگیز

(17 مئی 2026): ایک خاتون نے پانچ دن کے دوران چار بچوں کو جنم دے کر نہ صرف دنیا بلکہ شعبہ طب کو بھی حیران کر دیا ہے۔

کسی بھی خاتون کے ہاں جڑواں، ٹرپل یا اس سے زائد بچے ایک ہی حمل میں پیدا ہوتے ہیں تو ان میں وقفہ منٹوں یا زیادہ سے زیادہ چند گھنٹوں پر محیط ہوتا ہے، لیکن ایک خاتون کے ہاں ڈیلیوری کا عمل پانچ دن طویل رہا، جس میں انہوں نے چار بچوں کو جنم دیا۔

زچگی کا یہ حیرت انگیز واقعہ بھارت کے شہر مراد آباد میں رونما ہوا، جہاں ایک مسلم خاتون نے پانچ دن کے وقفے کے دوران دو بیٹوں اور دو بیٹیوں کو جنم دیا۔

خاتون کے حمل کو ابتدا ہی سے ’ہائی رسک‘ قرار دیا گیا تھا۔ تاہم حیرت انگیز بات یہ ہے کہ تمام بچوں کی ولادت بغیر آپریشن نارمل طریقے سے ہوئی ہے۔

چار بچوں کی ولادت کے واقعے نے نہ صرف طبی حلقوں بلکہ عام لوگوں میں بھی دلچسپی پیدا کر دی ہے کیونکہ ایک ساتھ چار بچوں کی ولادت خود ایک نادر واقعہ تصور کیا جاتا ہے اور وہ بھی مسلسل پانچ دنوں کے دوران نارمل ڈلیوری کے ذریعے، طبی اعتبار سے اسے غیر معمولی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

آمنہ نامی خاتون نے 9 مئی کو اپنے پہلے بچے کو جنم دیا اور اس کے بعد تین بچوں کی پیدائش 14 مئی کو ہوئی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ماں اور تمام نومولود طبی نگرانی میں ہیں۔ بچوں کی حالت مستحکم ہے، تاہم احتیاطی طور پر انہیں وینٹی لیٹر سپورٹ پر رکھا گیا ہے۔

انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس میڈیکل ٹیم کی قیادت ڈاکٹر شبھرا اگروال کر رہی ہیں۔ جن کا کہنا ہے کہ اسپتال کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب چار بچوں کی پیدائش مکمل طور پر نارمل ڈلیوری کے ذریعے ہوئی ہو۔

 

دوسری جانب یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین حیرت، خوشی اور مزاحیہ تبصروں پر مبنی تبصرے کر رہے ہیں۔

کئی صارفین نے اسے ’قدرت کا معجزہ‘ قرار دیتے ہوئے ڈاکٹروں اور ماں کی ہمت کی تعریف کی۔

ایکس اور فیس بک پر متعدد صارفین نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ ’ایک ساتھ دو لڑکے اور دو لڑکیاں، گویا پورا کنبہ ایک ہی بار میں مکمل ہو گیا۔‘

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انڈیا میں شرحِ پیدائش میں مسلسل کمی کے باعث گزشتہ روز ہی وسطی ریاست آندھر پردیش کے وزیر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو نے دو سے زیادہ بچے پیدا کرنے والی خواتین کے لیے انعام کا اعلان کیا ہے جس میں تیسرے بچے کی ولادت پر 30 ہزار روپے اور چوتھے بچے کی ولادت پر 40 ہزار روپے کی مالی اعانت کا اعلان شامل ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں