جمعرات, دسمبر 12, 2024
اشتہار

بیوی کو سانپ سے ڈسوا کر قتل کرنے والا بھیانک انجام کے قریب

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی : بھارت میں خاتون کے پراسرار اور سفاکانہ قتل میں اس کا شوہر ہی ملوث نکلا، تحقیقات میں ہوشربا انکشاف کے بعد جرم ثابت ہوگیا۔

بھارتی ریاست کیرالا کی عدالت نے سانپ سے ڈسوا کر بیوی کو جان سے مارنےوالے شوہر کو مجرم قرار دے دیا ہے، مجرم کے ساتھی نے بھانڈا پھوڑ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالا کی مقامی عدالت نے سانپ کے ذریعے خاتون کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سورج ایس کمار کو مجرم قرار دے دیا تاہم سزا کا اعلان 13 اکتوبر کو کیا جائے گا جبکہ استغاثہ نے عدالت سے اپیل کی کہ ملزم کو سزائے موت دی جائے۔

- Advertisement -

کیرالا کے ضلع کولام کے رہائشی لالچی شوہر نے سات مئی 2020 کو دولت ہتھیانے کی خاطر بیوی کو کوبرا سانپ سے ڈسوا کر ہلاک کر دیا تھا اور لوگوں میں یہ مشہور کردیا کہ خاتون اتھرا کو سانپ نے کاٹ لیا جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوگئی تاہم پولیس نے شک کی بنیاد پر اس کے شوہر27 سالہ سورج ایس کمار کو گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم کا مختلف سپیروں سے رابطہ تھا جس کا انہیں ملزم کے موبائل فون ریکارڈ سے پتہ چلا جبکہ ملزم نے بیوی کو قتل کرنے سے پہلے انٹرنیٹ پر سانپوں کی کئی ویڈیوز بھی دیکھ رکھی تھیں۔ پولیس نے ایک سپیرے کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون کا تعلق امیر گھرانے سے تھا جبکہ اس کا شوہر نجی بینک میں ملازم تھا جس کا ذریعہ آمدنی کچھ خاص نہیں تھا اور ان کا دو سال کا بیٹا بھی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دوسرا موقع تھا کہ متوفیہ اتھرا کو زہریلے سانپ نے کاٹ لیا تھا اس سے قبل بھی سانپ نے خاتون پر حملہ کیا تھا تاہم وہ بچ گئی تھی۔

پولیس کے مطابق سورج اور اتھرا کی شادی میں بھاری بھرکم جہیز، 100 تولے سونا، ایک گاڑی اور 5 لاکھ روپے دیے گئے تھے جس پر شوہر کو ڈر تھا کہ طلاق کی صورت میں اس کی بیوی سب کچھ ساتھ لے جائے گی جس کے باعث اس نے بیوی کی جان لے لی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں