(9 اگست 2026): بھارتی ریاست کرناٹک میں دفتر سے ہفتہ وار چھٹی (ویکلی آف) نہ ملنے پر خاتون نے خودکشی کر لی۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق کرناٹک کے علاقے ہنکل کی رہائشی 45 سالہ ناگیشوری نے خودکشی کی۔ انہوں نے مرنے سے پہلے ایک نوٹ چھوڑا جس میں آفس مینیجر ڈولی پر شدید ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ناگیشوری کو کسی دوسرے ملازم کی غلطی کا الزام اپنے سر لینے پر مجبور کیا گیا، ہفتہ وار اور عام چھٹی دینے سے انکار کیا گیا، نوکری چھوڑنے کیلیے دباؤ ڈالا گیا اور ان کی جگہ دوسری ملازمہ کو رکھنے جیسی دھمکیاں دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کا بھاری بل آنے پر پریشان فیکٹری ملازم نے خودکشی کر لی
واضح رہے کہ ناگیشوری اس مارکیٹنگ ایجنسی میں پچھلے تین سال سے کام کر رہی تھی۔
شوہر اشوک نے اپنے بیان میں کہا کہ ناگیشوری پچھلے ایک ماہ سے مینیجر کے رویے سے پریشان تھیں، جمعہ کی دوپہر جب اہلیہ نے فون کا جواب نہیں دیا تو میں گھبرا کر گھر پہنچا، جہاں وہ زمین پر پڑی تھیں، قریبی اسپتال لے جانے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
پولیس نے خودکشی کیلیے اکسانے کا مقدمہ درج کر کے معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔


