تازہ ترین

متحدہ عرب امارات: واٹس ایپ کی گفتگو عدالت پہنچ گئی

فجیرہ: متحدہ عرب امارات میں واٹس ایپ پر ہونے والا جھگڑا عدالت پہنچ گیا، مدعی نے الزام عائد کیا کہ خاتون نے کاسمیٹک اشیاء کی آن لائن خریداری کے دوران بدتمیزی کی اور ہراساں کیا۔

تفصیلات کے مطابق یو اے ای کے شہر فجیرہ میں ایک خاتون نے پیغام رسانی کی سب سے بڑی ایپلیکیشن واٹس ایپ کے ذریعے کاسمیٹک اشیاء آرڈر کیا، بعد ازاں ڈلیوری بوائے اور خاتون کے درمیان واٹس ایپ پر ہی جھگڑا ہوگیا اور یہ بحث سوشل میڈیا پر بھی چھڑ گئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متاثرہ شخص کی درخواست پر پبلک پراسیکیوشن نے فجیرہ عدالت سے اپیل کی کہ سائیبر آرٹیکل 20 کے تحت سزا سنائی جائے۔ جس پر عدالت نے خاتون کو تین سال جیل کی سزا اور بھاری جرمانہ عائد کردیا۔ بعد ازاں جیل کی سزا معطل کردی گئی۔

تاہم خاتون نے فجیرہ عدالت کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ آرڈر ڈلیور کرنے کے لیے مجھ سے نامناسب تقاضے کیے گئے اور نازیبا ویڈیو ارسال کرنے کا کہا گیا جس پر میں آگ بگولہ ہوگئی اور بات جھگڑے تک آپہنچی۔

ان کا مزید کہنا تھا میرے خلاف مقدمہ مجھے ڈرانے کے لیے بنایا گیا، مقامی عدالت کی سزا معطل کی جائے۔ البتہ ہائی کورٹ نے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

Comments

- Advertisement -