اسلام آباد: انسانی حقوق کی رہنما ماروی سرمد نے جے یو آئی (ف) کے مولانا حافظ حمد اللہ کے خلاف ٹی وی شو کےدوران دھمکانے اور نازیبا الفاظ استعمال کعنے کا مقدمے کی درخواست دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماروی سرمد نے مقدمے کی درخواست اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں جمع کرائی ہے جس میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ مولانا حافظ حمداللہ نے انہیں ڈرایا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹی وی شو کی ویڈیو دیکھنے کے بعد مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا جس میں مذکورہ سینیٹر نے خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر سطحی زبان استعمال کی۔
یاد رہے کہ 10 جون کو ہونے والے اس ٹی وی شو کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام کی ایک کثیر تعداد سینیٹر کے اس رویے کی مذمت کررہی ہے۔
پروگرام کے فوراً بعد ماروی سرمد نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ’’ میں ابھی ابھی ایک ٹی وی پروگرام میں جے یو آئی (ف) کے حافظ حمد اللہ کی ناراضی کے سبب انتہائی برے تجربے سے گزری ہوں‘‘۔
نوٹ: نجی ٹی وی چینل جس کے پروگرام میں یہ واقعہ پیش آیا، اس کا نام ادارتی پالیسی کے سبب ٹویٹ میں سے حذف کردیا گیا ہے۔