کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں کچرا کنڈی سے نا معلوم خاتون کی سر کٹی لاش بوری میں بند برآمد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن سیون بی میدان سے بوری میں بند خاتون کی سر کٹی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو کسی اور مقام پر قتل کرنے کے بعد لاش مذکورہ مقام پر پھینکی گئی۔
ریسکیو کا کہنا تھا کہ خاتون کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا ہے، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر شناخت کے لیے اسپتال منتقل کر دی ہے، پولیس نے بتایا کہ خاتون کا سر کاٹ کر لاش بوری میں بند کر کے پھینکی گئی، قتل کسی اور جگہ کیا گیا ہے، مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
تازہ ترین: کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا
پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کا سر نہیں ملا ہے، لاش 12 تیرہ گھنٹے پرانی لگ رہی ہے جو سردی کی وجہ سے اکڑ گئی ہے، پولیس ٹیم جائے وقوع پر روانہ کی جا چکی ہے جو مزید شواہد اکٹھے کر رہی ہے، خاتون کی شناخت کے لیے فنگر پرنٹ حاصل کیے جائیں گے اور نادرہ سے شناختی کارڈ ڈیٹا لیا جائے گا، جب کہ واقعے کی تمام زاویوں سے تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ آج کراچی کے علاقے عالمگیر روڈ پر ایک کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا، تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق چور نے گاڑی کا پچھلا شیشہ توڑ کر اے سی پینل اور ٹی وی نکال لیا تھا۔