پیر, مارچ 9, 2026
اشتہار

اے سی سی ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کیلئے پاکستان ویمنز اے اسکواڈ کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور(1فروری 2026): پاکستان کرکٹ بورڈ نے اے سی سی ویمنز ایشیاء کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے لیے پاکستان ویمنز اے اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 13 سے 22 فروری تک بنکاک، تھائی لینڈ میں کھیلا جائے گا، پاکستان ویمنز اے ٹیم کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے۔

اس کا مقابلہ بھارت اے، متحدہ عرب امارات اور نیپال سے ہوگا، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش اے، سری لنکا اے، ملائیشیاء اور میزبان تھائی لینڈ شامل ہیں۔ ہر گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔

آف اسپن آل رائونڈر امِ ہانی کو 15 رکنی پاکستان ویمنز اے اسکواڈ کی قیادت سونپی گئی ہے، جبکہ تجربہ کار فاسٹ بالر وحیدہ اختر اور بلے باز شوال ذوالفقار ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کی کپتان ایمان ناصر اور بلے باز کومل خان کو بھی حالیہ بنگلہ دیش ویمنز انڈر 19 کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

دیگر بلے بازوں میں گل رخ، حفصہ خالد اور حرینہ سجاد شامل ہیں، جبکہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں یسری عامر انجام دیں گی، اسپن ڈیپارٹمنٹ میں انوشہ ناصر اور مومنا ریاضت، امِ ہانی اور آل رائونڈر نورین یعقوب کے ساتھ مل کر مضبوط اسپن اٹیک تشکیل دیں گی، فاسٹ بالنگ کی قیادت وحیدہ اختر کریں گی، جن کا ساتھ لبنی بہرام، نہا شرمین ندیم اور سیدہ معصومہ جعفری دیں گی۔

واضح رہے کہ 25 جنوری سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں 30 کھلاڑیوں کا ایک ہفتے پر مشتمل کیمپ منعقد کیا گیا تھا، جس کے بعد حتمی 15 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا۔

پاکستان ویمنز اے ٹیم 10 فروری کو تھائی لینڈ روانہ ہونے سے قبل اسی مقام پر پری ٹورنامنٹ کیمپ میں شرکت کرے گی۔ پاکستان ویمنز اے ٹیم اپنے گروپ میچز 13 فروری کو نیپال، 15 فروری کو بھارت اے اور 17 فروری کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی، جبکہ سیمی فائنلز 20 فروری اور فائنل 22 فروری کو کھیلا جائے گا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں