کراچی : پک اینڈ ڈراپ کی سہولت پیش کرنے والی ٹیکسی سروس ’’کریم‘‘ نے اپنے صارفین کے لیے خواتین ڈرائیورز کی سہولت فراہم کرنا شروع کردی ہے۔
کار سروس فراہم کرنے والے ادارے ’’کریم‘‘ نے صارفین کی سہولت کے لیے خاتون ڈرائیور کی خدمات حاصل کر لی ہیں اب مرد ڈرائیورز کی طرح خاتون ڈرائیور بھی پک اینڈ ڈراپ کی سہولت مہیا کرنے کے لیے دستیاب ہوں گی۔
یہ خاتون ڈرائیورز مرد اور خواتین مسافروں کو پک ایند ڈراپ کی سہولت دیا کریں گی ابتدائی طور پر یہ سہولت پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے شہریوں کے لیے شروع کی گئی ہیں۔
کریم سروس کے جنرل منیجر احمد عثمان نے کہا ہے کہ ہم مرددوں کی طرح خواتین کو یکساں طور پر آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے مواقع دینا چاہتے ہیں جب کہ اس سہولت سے خواتین صارفین زیادہ محفوظ اور آرام دہ سفر سے لطف اندوز ہو سکیں گی۔
جنرل منیجر کا کہنا ہے کہ اب تک سات خواتین ڈرائیورز کریم سروس ٹیم کا حصہ بن چکی ہیں تا ہم خواتین کی جانب سے درخواستوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور جلد ہی مزید خواتین ٹیم کا حصہ بنیں گی۔
زہرہ علی نامی 30 سالہ خاتون کو اپنی ایک سہیلی کے ذریعے کریم سروس میں ملازمت کا پتہ چلا تھا جس کے بعد انہوں نے اس باعزت روزگار کے ذریعے اپنے دو بچوں کی کفالت کی ذمہ داری پوری کرنے کی ٹھانی۔
دراصل زہرہ علی ہی وہ پہلی خاتون تھیں جنہوں نے کریم سروس میں ڈرائیور کی جاب کے لیے درخواست دی تھی تا ہم اس وقت خواتین ڈرائیورز کی سروس میں شمولیت کا فیصلہ نہیں ہواتھا۔
زہرہ علی کی جانب سے کریم سروس میں بہ طور خاتون ڈرائیور شمولیت کے لیے درخواست ہی اس فیصلے کا محرک بنا جس کے تحت خواتین ڈرائیورز کو سروس کریم میں شامل کیا گیا۔