کراچی : ایف آئی اے کی جانب سے انسانی اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں، سال 2026 میں 40 خواتین کو ایئرپورٹس پر روکا گیا۔
غیر قانونی طریقوں سے بیرونِ ملک جانے کی کوششوں کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈپٹی ڈائریکٹر میاں اجمل نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محکمے کی کارروائیوں کی تفصیلات بیان کی۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال تقریباً 30 سے 40 خواتین کو ایئرپورٹس سے ہی روک کر واپس بھیجا گیا، جبکہ انسانی اسمگلنگ سے متعلق تقریباً 2 ہزار انکوائریز اور شکایات پر کارروائی شروع کی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں میاں اجمل کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کے خلاف صرف شکایات موصول ہونے کے بعد کارروائی نہیں کرتا بلکہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر بھی کارروائیاں کی جاتی ہیں تاکہ کسی جرم کو اس کے وقوع پذیر ہونے سے قبل ہی روکا جاسکے۔
ڈنکی روٹ سے بیرونِ ملک روانگی
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق اس کارروائی میں ایجنٹوں کی جانب سے پنجاب سے نوجوانوں کو کراچی لانے اور پھر بلوچستان کے راستے لانچوں کے ذریعے ایران کے شہر چابہار منتقل کرنے کا منصوبہ سامنے آیا تھا۔
تحقیقات کے مطابق وہاں سے بعض افراد کو زمینی راستے کے ذریعے ترکی اور پھر یونان سمیت دیگر یورپی ممالک بھیجنے کی کوشش کی جانی تھی۔ ایف آئی اے نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے ہی متعلقہ ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا۔ متاثرہ افراد بھی کراچی سے بلوچستان پہنچ چکے تھے اور انہیں رات کے وقت مقامی ہوٹل سے بازیاب کرالیا گیا۔
خواتین کو سعودی عرب بھیجنے کا منصوبہ
خواتین کی اسمگلنگ سے متعلق کارروائی کے سوال پر میاں اجمل کا کہنا تھا کہ رواں ماہ خواتین کی انسانی اسمگلنگ سے متعلق بھی ایک گروپ کے خلاف کارروائی کی گئی۔ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر معلوم ہوا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے متعدد خواتین کو کراچی لایا گیا تھا اور انہیں مبینہ طور پر سعودی عرب بھیجنے کی تیاری کی جارہی تھی۔
حکام کے مطابق خدشہ تھا کہ ان خواتین کو وہاں غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں، بشمول جسم فروشی، کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ایف آئی اے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے یہ کوشش بھی ناکام بنادی۔
درجنوں خواتین ایئرپورٹس سے روکی گئیں
ایف آئی اے حکام کے مطابق بعض کیسز میں ایک یا دو خواتین کو ایجنٹوں کے ذریعے بیرونِ ملک لے جانے کی کوشش کی جاتی ہے، جنہیں ایئرپورٹس پر ہی روک لیا جاتا ہے۔
رواں سال اب تک تقریباً 30 سے 40 خواتین کو انسانی اسمگلنگ یا استحصال کے خدشے کے پیش نظر ایئرپورٹس سے انٹرسیپٹ کرکے واپس بھیجا گیا ہے۔
عمرہ زائرین بھی آف لوڈ کیوں؟
انہوں نے بتایا کہ رواں سال ایسے افراد کی بھی بڑی تعداد سامنے آئی جو پلان کے تحت عمرہ ویزے پر سعودی عرب جاکر بھیک مانگتے تھے، ایک ہی خاندان کے افراد میں سسر، بہو اور بیٹی شامل تھے، جن کو جانے سے روکا گیا۔
نوجوانوں کو مشورہ
ڈی ڈی ایف آئی اے نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ نے بیرونِ ملک روزگار یا تعلیم کے خواہش مند نوجوان شارٹ کٹ کے بجائے قانونی راستہ اختیار کریں، ایجنٹوں کے جھوٹے وعدوں اور تسلیوں سے محتاط رہیں بصورت دیگر اس کی بہت بڑی قیمت چکانا پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف اس امید پر وزٹ یا اسٹوڈنٹ ویزے پر بیرون ملک جانا کہ وہاں پہنچ کر کوئی کام مل جائے گا، خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ بیرونِ ملک ملازمت کے لیے قانونی طریقہ اختیار کرنا زیادہ محفوظ ہے۔
ایف آئی اے نے باکو جانے والی لڑکی کو ممکنہ انسانی اسمگلنگ کے شبہ میں تحویل میں لے لیا


