بدھ, اکتوبر 7, 2026
اشتہار

بجلی کا بھاری بل آنے پر پریشان فیکٹری ملازم نے خودکشی کر لی

اشتہار

حیرت انگیز

کوٹ رادھاکشن : بجلی کا بھاری بل آنے پر مالی پریشانی کے شکار مزدور ناصر علی نے اپنی جان لے لی، متوفی اکتالیس ہزار باسٹھ روپے کے بجلی کے بل کے باعث شدید ذہنی دباؤ میں تھا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں اور معاشی مشکلات کے سنگین اثرات اب انسانی جانوں کے ضیاع کی صورت میں سامنے آنے لگے ہیں۔

کوٹ رادھا کشن کے نواحی علاقے میں بجلی کا بھاری بل ملنے پر ایک غریب فیکٹری ملازم نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

پولیس نے بتایا کہ یہ لرزہ خیز واقعہ کوٹ رادھا کشن کے علاقے بھوتھن پورہ میں پیش آیا، 43 سالہ فیکٹری ورکر ناصر جوئیہ نے اپنے گھر میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی، واقعے کے وقت اس کے اہلِ خانہ بہاولنگر گئے ہوئے تھے، ناصر علی دو بچوں کا باپ تھا۔

مقتول کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ناصر کو جون کے مہینے کا بجلی کا بل 42 ہزار روپے سے زائد موصول ہوا تھا، اتنی خطیر رقم کا بل دیکھ کر وہ شدید مالی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہو گیا تھا۔

لواحقین نے بتایا کہ تنخواہ کم ہونے کے باعث وہ اس بھاری بل کی ادائیگی کا بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں تھا اور اسی ذہنی تناؤ نے اسے انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیا اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ موت کے اصل حقائق کا تعین کیا جا سکے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں