کراچی : پاکستان میں ماہانہ ترسیلات زر 4.25 بلین ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ماہانہ ترسیلات زر کا ایک اور نیا تاریخی ریکارڈ قائم ہو گیا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مئی 2026 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 4 ارب 30 کروڑ امریکی ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات وطن بھیجیں، جو کسی بھی ایک مہینے میں موصول ہونے والی اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ مئی میں ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 20.2 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 15.4 فیصد کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے 11 مہینوں کے مجموعی حجم پر نظر ڈالی جائے تو اس میں 9.2 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد 11 ماہ کے دوران مجموعی ترسیلات زر 38 ارب 10 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم 34.9 ارب ڈالر تھا۔
رپورٹ کے مطابق مئی 2026 میں سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں جو 1 ارب 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہیں۔
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے 1 ارب 66 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 64 کروڑ 55 لاکھ ڈالر اور امریکہ سے 34 کروڑ 98 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور معیشت کو بڑی تقویت ملی ہے۔


