اسلام آباد : عالمی بینک نے 1.1 ارب ڈالر کے قرضے مؤخر کردیے اور فنڈنگ آئندہ مالی سال میں کچھ معاشی اقدامات سے مشروط کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معیشت کےلیے بری خبر آگئی، عالمی بینک نے1.1ارب ڈالر کے پراجیکٹ لون مؤخر کردیے۔
عالمی بینک نے حکومت کی معاشی حکمت عملی سے اختلاف کرتے ہوئے رائز ٹو اور پیس ٹو پراجیکٹ کے فنڈز روک دیے۔
عالمی بینک نے فنڈنگ آئندہ مالی سال میں کچھ معاشی اقدامات سے مشروط کردی اور شرط عائد کی کہ پاکستان کو امپورٹس پر اضافی ٹیکس کم کرنا ہوگا۔
ڈالر کو ترستی پاکستانی معیشت رواں مالی سال مزید 1.1 ارب ڈالر سے محروم ہوگئی ، معیشت کے استحکام کے پروگرام رائز کے لیے 45 کروڑ ڈالر اور سستی توانائی کے پروگرام کے لیے 60 کروڑ ڈالر ملنا تھے۔