تازہ ترین

علی امین گنڈاپور وفاق سے روابط ختم کر دیں، اسد قیصر

اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر نے...

وزیراعظم شہبازشریف کو امریکی صدر جو بائیڈن کا خط، نیک تمناؤں کا اظہار

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے وزیر اعظم شہباز...

بابر اعظم کو دوبارہ قومی ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ ہو گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو ایک بار...

چین پاکستان معاہدوں کے حوالے سے آئی ایم ایف کا اہم بیان

عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ چین پاکستان...

کتاب کا عالمی دن‘ 5 انتہائی دلچسپ کتابیں پڑھیں

دنیا بھر میں آج کتاب کا عالمی دن منایا جارہا ہے اورعلم دوست معاشروں میں ایسے دن انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، جن معاشروں کے اذہان بوسیدہ ہوجاتے ہیں وہاں کتب بینی کا رجحان ختم ہونے لگتا ہے۔

اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم یونیسکو نے آج سےاکیس سال قبل آج کے دن کو کتاب کا عالمی دن کے طور پرمنانے کا فیصلہ کیا تھا‘ آج کا دن منتخب کرنے کی ایک وجہ آج کے دن کا عظیم مفکر اورادیب ولیم شیکسپئر کے انتقال سے منسوب ہونا بھی ہے۔

آج کے دن کو منانے کا مقصد معاشرے میں کتب بینی کے رحجان کو ترویج دینا ہے بالخصوص آئندہ نسل جو کہ ڈیجیٹل دنیا میں پیدا ہوئی ہے اسے کتاب پڑھنے کا ذوق اورشوق ودیعت کرنا ہے۔

اگر آپ بھی چاہتے ہیں کہ آپ کی آئندہ نسلیں کتاب سے دور نہ ہوں تو ضروری ہے کہ انہیں کتب بینی کا عادی بنایا جائے‘ انہیں ترغیب دی جائے کہ زیادہ سے زیادہ کتابیں پڑھیں‘ انہیں کتابیں مہیا کی جائیں اور مہنگی اور معیاری کتب تک انہیں آسان رسائی دی جائے۔

آج کے دن کی مناسبت سے ہم آپ کی خدمت میں پیش کررہے ہیں کچھ ایسی کتابوں کا تعارف جو یقیناً حبس کے ماحول میں تازہ ہوا کے جھونکے کی سی حیثیت رکھتی ہیں۔


راموز – جون ایلیا


راموز‘ بے مثل و بے بدل شاعر ادیب اور فلسفی جون ایلیا کی معرکتہ الآرا تصنیف کا نام ہے، جون محض ایک شخص نہیں بلکہ اردو ادب کا ایک دور ہیں جن سے آج اور آنے والے وقت کے اردو دانوں کو مفر ممکن نہیں ہوسکے گا۔

کہتے ہیں کہ اپنی زندگی میں ہی شہرت کے بام ِعروج پرپہنچے والے ادیب زمان ومکاں کی سرحدوں سے ماورا صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں اور جب بات جون ایلیا جیسے مصنف کی ہو تو ان کے مداح اس امر سے بخوبی واقف ہیں کہ جون وہ شاعرو ادیب ہیں کہ جو اپنی زندگی میں لازوال شہرت کے حامل تھے۔

جون ایلیا کی کتاب ’راموز‘ کے بار ے میں کہا جاتا ہے کہ جون ایلیا کی زندگی کی یہ کتاب اردو ادب میں تحقیق کے نئے ابواب وا کرے گی۔ راموز اٹھارہ الواح پرمشتمل ایک رزمیہ نظم ہے جو کہ اردو شاعری کو ایک نئی جہت اور نئی وسعت عطا کرے گی۔

جل پری – سعود عثمانی

جب کبھی اردو شاعری پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس کے دامن میں حقیقی قوت تخیل کے حامل اذہان کا قحط پڑ گیا ہے‘ تب تب ایسے شعرا ءسامنے آتے ہیں جو کہ ایسے الزامات کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دیتے ہیں۔معروف شاعر سعود عثمانی کا تیسرا شعری مجموعہ ’جل پری‘ بھی کچھ ایسا ہی تاثر پیش کرتا ہے۔

سعود عثمانی اس سے قبل دو شعری مجموعے ’قوس ‘اور’بارش ‘شائع کرچکے ہیں اور ان کا تیسرا شعری مجموعہ جل پری ہے جو رواں برس منظرِ عام پر آیا ہے۔

جل پری سعود عثمانی کا تیسرا شعری مجموعہ ہے اور اس عنوان نے انہیں اس وقت سے اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے جب وہ ساتویں جماعت کے طالب علم تھے اور سردیوں کی کپکپاتی رات میں انگھیٹی کنارے بیٹھے جل پریوں کی ایک کہانی پڑھ رہے تھے۔

سعود عثمانی اپنی کتاب کے دیباچے میں رقم طراز ہیں کہ ’’اس عمرمیں بھی وہ ( کم عمر سعود عثمانی) جل پری کے سحر سے زیادہ اس کی دل گرفتہ اداسی اور کرب سے آشنا ہوا۔ دو جہانوں میں رہنے والی جل پری کسی ایک جہان میں نہیں رہ سکتی تھی اور یہ بہت الگ زندگی تھی‘‘۔

 ڈیورنڈ لائن کا قیدی – فیض اللہ خان

ڈیورنڈ لائن کا قیدی نامی یہ کتاب معروف صحافی فیض اللہ خان کی یادداشتوں پر مبنی ہے جس میں وہ تحریک طالبان پاکستان کےسربراہ کے انٹرویو کے لیے افغانستان جانے اور پھر وہاں قید ہونے سے لے کر رہائی تک کی اپنی داستاں بیان کررہے ہیں۔

فیض اللہ خان بنیادی طور پر صحافی ہیں اور سادہ زبان لکھنے کے عادی ہیں۔ ان کا یہی اندازِ تحریر کتاب میں بھی نظر آتا ہے ۔ کتاب میں انہوں نے اپنی داستان انتہائی سادہ اور سلیس اندازمیں بیان کی ہے اور ادبی اصلاحوں اور تصنع کے بغیر کتاب عام قاری کے لیے انتہائی آسان فہم ہے۔

فیض اللہ نے کو شش کی ہےکہ ’ڈیورنڈ لائن کا قیدی ‘ میں خود پر بیتے جانے والے واقعات کو وہ من و عن ایسے ہی بیان کردیں کہ جس طرح سے وہ ان پر بیتے‘ اوریقینی طور پر وہ اس میں کامیاب بھی رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں رسیدی ٹکٹ – امرتا پریتم

امرتا اپنی زندگی میں ایک بے باک ‘ نڈر اور صاف گو شخصیت کے طور پر جانی جاتی تھیں اور یہی لہجہ انہوں نے اپنی پہلی آپ بیتی ’رسیدی ٹکٹ‘ مرتب کرتے ہوئے اپنایا ہے اور اس میں وہ تمام باتیں بھی تحریر کی ہیں جن کا اعتراف شائد اس کتاب کے شائع ہونے کے اکتالیس سال بعد کی عورت بھی کرنے سے گریزکرتی ہے۔

امرتا کی زندگی دکھوں سے عبارت تھی اور یہی دکھ ان کی نظموں اورناولوں سےجھلکتے ہیں اور جب وہ اپنی آپ بیتی لکھنے بیٹھیں تو گویا دل چیرکررکھ دیا اور اپنے حزیں قلب پر لگا ہر ایک داغ اپنے قارئین کے سامنے کردیا کہ دنیا جان لے کہ وہ مصنف اورشاعرجوان کے غموں کو الفاظ کا جامہ پہنا کر دنیا کے سامنے لاتی ہے اور انہیں نئے سرے سے جینےکا حوصلہ دیتی ہے اس کی اپنی زندگی کتنے دکھوں سے عبارت ہے۔

رسیدی ٹکٹ کو امرتا نے آپ بیتی لکھنے کے مروجہ طریقہ کار سے انحراف کرتے ہوئے خیالات کے بہاؤ کو ضبطِ تحریر کیا ہے اور یہ کمال ’پنجر‘ جیسے معروف ناول کی مصنف ہی دکھا سکتی تھیں۔ا مرتا کی آب بیتی ہمیں تقسیم کے قبل کے پنجاب میں لے جاتی ہے جہاں کا ایک مخصوص معاشرتی نظام تھا اور ہم امرتا کے ساتھ اس سفر میں شریک ہوکر گجرانوالہ میں آباد سکھوں کی بود وباش جینے لگتے ہیں اورجس لمحے کمسن امرتا کے لبوں سے رب العزت کے حضور یہ دعانکلتی ہے کہ’ میری ماں کو نا مارنا‘‘ – کہتے ہیں کہ بچوں کی دعائیں مستجاب ہوتی ہیں لیکن اس دن امرتا کی دعا عرش سے ٹکرا کر لوٹ آتی ہے اورماں مرجاتی ہے۔ اس لمحے امرتا کے ساتھ ہم بھی اپنے اندر کچھ ٹوٹتا ہوا محسوس کرتے ہیں اوردل میں ایسا کرب اٹھتا ہے جسے بیان کرنا انہی کا خاصہ ہے۔

الجھے سلجھے انور – عمرانہ مقصود

معروف ادیب و افسانہ نگار انور مقصود کی سوانح حیات پر مبنی کتا ب ’’الجھے سلجھے انور‘‘کی رونمائی کی گئی۔ کتاب کی مصنفہ ان کی شریکِ حیات عمرانہ مقصود ہیں‘ جنہوں نے انور مقصود کی 75 سالہ زندگی کا تفصیلی جائزہ انتہائی خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مکتبۂ دانیال کی جانب سے شائع کردہ معروف ڈرامہ و افسانہ نگار اور کمپیئر انور مقصود کی سوانح حیات کی رونمائی کراچی میں ہوئی، یہ کتاب انور مقصود کی اہلیہ نے تحریر کی اور اسے ’’الجھے سلجھے انور‘‘کا نام دیا گیا ہے۔ اس کتاب کے متعلق ناقدین کی رائے ہے کہ انور مقصود کے اس سے زیادہ مستند سوانح حیات نہیں ہوسکتی۔

اس موقع پر انور مقصود کا خود بھی یہی کہنا تھا کہ ’’میری سوانح عمری میری ہمسفر نے تحریر کی‘ میرے بارے میں میری بیگم سے بہتر کوئی اور نہیں جانتا۔ تقریب کے شرکاء نے کتاب کی رونمائی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری زندگیوں میں سیکھنے کے عمل کو مہمیز کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

Comments

- Advertisement -
فواد رضا
فواد رضا
سید فواد رضا اے آروائی نیوز کی آن لائن ڈیسک پر نیوز ایڈیٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں‘ انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ تاریخ سے بی ایس کیا ہے اور ملک کی سیاسی اور سماجی صورتحال پرتنقیدی نظر رکھتے ہیں