ورلڈ کپ 2023 میں آج دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے میچ سے سابق انگلش کپتان کے 2015 کے میگا ایونٹ میں بنگال ٹائیگر سے شکست کے زخم تازہ ہو گئے۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں آج دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں دھرم شالہ میں مدمقابل ہیں تاہم اس اہم میچ سے قبل 2015 میں انگلش ٹیم کی قیادت کرنے والے ایون مورگن کے ورلڈ کپ 2015 میں بنگلہ دیش سے غیر متوقع مایوس کن شکست کے زخم تازہ ہوگئے کیونکہ اس شکست کے ساتھ ہی انگلینڈ کا ورلڈ کپ میں سفر بھی تمام ہو گیا تھا۔
"ایڈیلیڈ اوول میں 2015 کے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے میزبان انگلینڈ کے خلاف محمود اللہ کی سنچری اننگ کی بدولت 275 رنز بنائے۔ انگلش ٹیم نے ایان بیل اور جوز بٹلر کی نصف سنچریوں سے تقویت پاتے ہوئے ہدف کا تعاقب جاری رکھا لیکن 15 رنز دوری پر ٹیم ہمت ہار بیٹھی۔
انگلینڈ کے سابق کپتان ایون مورگن نے غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے اس مایوس کن شکست کے بعد میچ کی جھلکیاں کبھی بھی نہیں دیکھیں۔
اس میچ کی یادیں تازہ کرتے ہوئے مورگن کا کہنا تھا کہ وہ رواں ورلڈ کپ میں دونوں حریفوں کے میچ سے قبل یہ ہار یاد دلانا نہیں چاہتے مگر وہ غیر متوقع شکست بھول بھی نہیں سکتے۔ اس وقت بنگلہ دیش نے بہتر سیمرز سے ہمیں قابو کیا۔
انہوں نے کہا کہ 2015 کے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے پاس ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کی بہتات تھی اور ٹیلنٹ ہمیشہ تجربے کی کمی کو پورا کرتا ہے۔ بنگال ٹائیگرز ایک اچھی ٹیم ہیں اور ان کے خلاف کھیلنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا۔
مورگن جنہوں نے اپنی قیادت میں 2019 کا ورلڈ کپ جتوا کر انگلش ٹیم کو پہلی بار عالمی چیمپئن بنوایا اور بنگلہ دیش کو بھی شکست دے کر پرانی شکست کا داغ دھویا وہ رواں ورلڈ کپ کے حوالے سے کہتے ہیں کہ بنگلہ دیش ایک اچھی ٹیم ہے لیکن میرے خیال میں بھارت کی کنڈیشنز بنگلہ دیش سے زیادہ انگلینڈ کے لیے موزوں ہوں گی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ رواں ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے شریک ہے تاہم میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں اسے گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ نیوزی لینڈ سے 9 وکٹوں کی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔