اتوار, مارچ 16, 2025
اشتہار

ورلڈ کپ: انگلینڈ کا بنگلہ دیش کو جیت کیلیے پہاڑ جیسا ہدف، میلان کی شاندار سنچری

اشتہار

حیرت انگیز

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں آج کے دن کھیلے جا رہے پہلے میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 365 رنز ہا ہدف دے دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے ساتویں میچ دھرم شالہ کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 365 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا ہے۔

دن کی روشنی میں کھیلے جا رہے اس میچ بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولرز آزمانے کا فیصلہ کیا جو مفید ثابت نہ ہو سکا۔

انگلینڈ کی جانب سے جونی برسٹو اور ڈیوڈ میلان نے اننگ کا تیز رفتار آغاز کیا ہے اور 15 اوورز میں ہی ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی۔ اوپنر نے اپنی ٹیم کو 17.5 اوورز میں 115 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

اس موقع پر جونی برسٹو کو 52 رنز کے انفرادی اسکور پر بنگلہ کپتان شکیب الحسن نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد جو روٹ کریز پر آئے جنہوں نے میلان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 151 رنز کی نا قابل فراموش پارٹنر شپ قائم کی۔

266 کے مجموعی اسکور پر سنچری بنانے والے ڈیوڈ میلان کو مہدی حسن نے بولڈ کر دیا۔ انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 107 گیندوں پر 140 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی۔

میلان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بٹلر نے جو روٹ کو جوائن کیا جب کہ روٹ نے اپنا لاٹھی چارج جاری رکھا اور 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جوز بٹلر اور ہیری بروکس نے 20، 20 رنز کی اننگ کھیلیں۔

انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز اسکور کیے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں تاہم اس کے لیے انہیں 71 رنز کی مار برداشت کرنا پڑی جب کہ تین انگلش بیٹرز کو آؤٹ کرنے والے شریف الاسلام نے بھی 75 رنز لٹائے۔ کپتان شکیب الحسن 52 اور تسکین احمد 38 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

رواں ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں۔ انگلینڈ کو اپنے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ بنگلہ دیش نے افغانستان کو ہرا کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

انگلینڈ:
جوز بٹلر (کپتان)، جونی بریسٹو، ڈیوڈ میلان، جو روٹ، ہیری بروکس، لیام لیونگ اسٹون، کرس ووکس، سام کورن، عادل رشید، مارک ووڈ، ریس ٹاپلی۔

بنگلہ دیش:

شکیب الحسن (کپتان)، لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسین شانتو، مہدی حسن میراز، مشفق الرحمان، توحید ہریدوے، مہدی حسن، تسکین احمد، شریف الاسلام، مستفیض الرحمان۔

ورلڈ کپ میں اب تک کھیلے گئے 6 میچز میں نیوزی لینڈ اپنے دونوں میچز جیت کر 4 پوائنٹ کے ساتھ سر فہرست ہے۔ جنوبی افریقہ، پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت اپنے ایک ایک میچز جیت کر بالترتیب دوسرے سے پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں