ورلڈ کپ کے نویں میچ میں بھارت نے افغانستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے افغانستان کی جانب سے دیا جانے والا 273 رنز کا ہدف باآسانی 37ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کپتان روہت شرما نے 84 گیندوں پر 131 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ان کی اننگز میں 16 چوکے اور 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
روہت شرما نے ناصرف سب سے زیادہ چھکوں کا کرس گیل کا ریکارڈ توڑا بلکہ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 7 سنچریاں بنا کر سچن ٹنڈولکر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
ایشان کشن 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ویرات کوہلی 55 اور شریاس ایئر 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے دونوں وکٹیں راشد خان نے حاصل کیں۔
قبل ازیں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 272 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 273 رنز کا ہدف دیا تھا۔
کپتان حشمت اللہ شاہدی نے 80 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، عظمت اللہ عمرزئی 62 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اوپنر رحمان اللہ گرباز 21 رنز بنا کر پانڈیا کا نشانہ بنے، ابراہیم زدران 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد نبی 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
راشد خان 16 رنز بنا کر بمرا کو وکٹ دے بیٹھے، مجیب الرحمان 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ہاردک پانڈیا نے دو، شردل ٹھاکر اور کلدیپ یادو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
ٹاس جیتنے کے بعد افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی کا کہنا تھا کہ فیروز شاہ کوٹلہ کی وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ لگ رہی ہے۔ ہمارے لیے بیٹنگ میں لوہا منوانے کا بہترین موقع ہے۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ ہی کرتے۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ اچھے طریقے سے جیتنے میں کامیاب رہے۔
روہت شرما نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے ایک تبدیلی کی گئی ہے اور روی چندرن ایشون کی جگہ شادل ٹھاکر کو شامل کیا گیا ہے۔
دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ میں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں۔ میزبان بھارت نے آسٹریلیا کو زیر کیا تو افغانستان کو بنگلہ دیش سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آج کے میچ کے لیے بھارتی اور افغان اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
ٹیم بھارت:
روہت شرما (کپتان)، ایشان کشن، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، ہاردیک پانڈیا، رویندرا جڈیجہ، شردل ٹھاکر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ، محمد سراج۔
ٹیم افغانستان:
حشمت اللہ شہیدی (کپتان)، رحمت اللہ گردباز، ابراہیم زردان، رحمت شاہ، محمد نبی، نجیب اللہ زردان، عظمت اللہ قمر زئی، راشد خان، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی، نوین الحق