جمعرات, مارچ 27, 2025
اشتہار

ورلڈ کپ وارم اپ میچز، آج دو مقابلے ہوں گے

اشتہار

حیرت انگیز

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا آغاز ہونے میں تین روز باقی ہیں شریک ٹیمیں وارم اپ میچز کے ذریعے میگا ایونٹ کی تیاریاں جانچ رہی ہیں آج بھی دو میچز کھیلے جائیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر کو دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور گزشتہ عالمی کپ کی رنر اپ نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوگا جو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا تاہم اس سے قبل شریک ٹیموں کے وارم اپ میچز جاری ہیں۔

اب تک پانچ وارم اپ میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے صرف دو کے نتیجے برآمد ہوئے جب کہ تین میچز بارش کی نظر ہوگئے۔ ایک دن کے تعطل کے بعد آج دو وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے۔

گوہاٹی میں بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جب کہ تھری واننتھاپورم میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں اپنے ہتھیاروں کی جانچ کے لیے میدان میں اتریں گی۔ دونوں میچز کا آغاز دوپہر ڈیڑھ بجے ہوگا۔

ابتدائی وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے 346 رنز کے بڑے ہدف کو آسانی سے حاصل کرکے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا جب کہ بنگلہ دیش نے 7 وکٹوں کی بڑی شکست دی۔ ان میچز کے علاوہ جنوبی افریقہ اور افغانستان، بھارت اور انگلینڈ کے وارم اپ میچز میں تو بارش کے باعث ایک گیند بھی نہ پھینکی جا سکی جب کہ آسٹریلیا اور نیدر لینڈ کا میچ بارش کی بار بار مداخلت کے باعث بے نتیجہ ختم کیا گیا تاہم میچ کی خاص بات مچل اسٹارک کی ہیٹ ٹرک رہی۔

کل وارم اپ میچز کا آخری روز ہوگا جس میں تین میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد ٹیمیں ورلڈ کپ کے میگا ایونٹ اور اپنے اپنے میچز سے قبل وقت آرام اور پریکٹس کرکے گزاریں گی۔

کل پاکستان اور آسٹریلیا، افغانستان اور سری لنکا جب کہ بھارت اور نیدر لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں