دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے ورلڈکپ میں فتح کا کھاتہ کھول لیا، دوسرے میچ میں بنگلادیش کو 137 رنز بڑے مارجن سے آؤٹ کلاس کردیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلش سائیڈ نے ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی، 365 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز 48.2 اوورز میں227 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔
بنگلادیش کی پہلی وکٹ جلد ہی گر گئی، اوپنر تنزید حسن محض ایک کے اسکور پر پویلین لوٹے، اگلی گیند پر ٹوپلے نے نجم الحسین شانٹو کو بھی آؤٹ کردیا۔ کپتان شکیب الحسن بھی محض ایک رن بنا سکے۔
لٹن داس 76 جبکہ مشفیق الرحیم 51 اور توحید ردوئے 39 رنز بناکر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے ریسی ٹوپلے نے43 رنز دے کر4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے ساتویں میچ میں دھرم شالہ کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 365 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔
شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولرز آزمانے کا فیصلہ کیا جو مفید ثابت نہ ہو سکا۔ انگلینڈ کی جانب سے جونی برسٹو اور ڈیوڈ میلان نے 15 اوورز میں ہی ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی۔ اوپنر نے اپنی ٹیم کو 17.5 اوورز میں 115 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
جونی برسٹو 52 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے، 266 کے مجموعی اسکور پر سنچری بنانے والے ڈیوڈ میلان کو مہدی حسن نے بولڈ کر دیا۔ انہوں نے 107 گیندوں پر 140 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی۔
میلان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بٹلر نے جو روٹ کو جوائن کیا جب کہ روٹ نے اپنا لاٹھی چارج جاری رکھا اور 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جوز بٹلر اور ہیری بروکس نے 20، 20 رنز کی اننگ کھیلیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن نے 4 وکٹیں حاصل کیں، شریف الاسلام نے تین انگلش بیٹرز کو چلتا کیا۔
رواں ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں۔ انگلینڈ کو اپنے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ بنگلہ دیش نے افغانستان کو ہرا کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا تھا۔