آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا آغاز ہو گیا ہے گرین شرٹس میگا ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز کل (جمعے) کو نیدر لینڈ کے خلاف میچ سے کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا آغاز ہو چکا ہے۔ ایونٹ میں 10 ٹیمیں شریک ہیں۔ بھارت کا تاریخی شہر حیدرآباد دکن پاکستان کے ورلڈ کپ میں پہلے میچ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ شائقین کرکٹ پاکستان کے کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔ پاکستان یہاں اپنے دو ابتدائی میچز کھیلے گی جس کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی مہم کا آغاز کل جمعے کو حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں آسان حریف نیدر لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی جب کہ جمعرات 12 اکتوبر کو اسی میدان میں سری لنکا کے مدمقابل ہوگی۔
پہلے میچ میں پاکستان کا حریف آسان مگر میدان میں آئے گا اپ سیٹ کے ارادے سے، معمولی سی بھول چوک بھی قومی ٹیم کو بڑا نقصان پہنچا سکتی ہے اس لیے گرین شرٹس کو رہنا ہوگا ہوشیار۔
پاکستان کو دونوں وارم میچ میں شکست ہوئی اس لیے نیدر لینڈز سے جیت ٹیم کا حوصلہ بڑھائے گی جب کہ حریف ڈچ ٹیم جو 2011 کے بعد میگا ایونٹ میں شرکت کر رہی ہے اس کو ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع نہ مل سکا کیونکہ اس کے دونوں میچز بارش کی نذر ہوگئے۔
اعداد وشمار کے مطابق پاور پلے میں نیدر لینڈز کی بیٹنگ تگڑی ہے اور ابتدائی دس اوورز میں زیادہ اوسط سے رنز بنانے والی دوسری ٹیم ہے جس کے پاس بہترین اسپنرز بھی ہیں جب کہ آل راونڈر باس ڈی لیڈے ٹیم کے ٹرم کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔
اسپن بولنگ کو کھیلنا ہی نیدر لینڈ ٹیم کی سب سے بڑی کمزور ہے اور کل کے میچ میں شاداب، نواز اور اسامہ کا اہم کردار ہوگا۔
ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں پاکستان اور نیدر لینڈ چھ بار مدمقابل آئی ہیں اور قومی ٹیم ناقابل شکست رہی ہے۔
حیدرآباد دکن میں میچز ہائی اسکورنگ ہونے کی توقع ہے کیونکہ دونوں وارم اپ میچز کی چاروں اننگز میں 300 سے زائد رنز بنے ہیں۔