ورلڈ کپ میں شاداب خان کی مکمل ناکامی پر سب کو تشویش ہے اب ایک سابق کپتان نے بھی انہیں اگلے میچ میں ڈراپ کرکے اسامہ میر کو کھلانے کی حمایت کر دی ہے۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کی مکمل ناکامی پر سب کو تشویش ہے وہ نہ بال سے اور نہ ہی بیٹ سے ٹیم کے لیے اپنا کردار ادا کر پا رہے ہیں جس کے باعث اب ایک سابق کپتان نے بھی انہیں اگلے میچ میں ڈراپ کرکے اسامہ میر کو کھلانے کی حمایت کر دی ہے۔
پاکستان کے پہلے ایچ ڈی اے اسپورٹس چینل کے پروگرام دی پویلین میں ایک کرکٹ شائق نے شاداب خان کی مسلسل ناکامی پر سوال کیا کہ کیا ان کی جگہ اسامہ میر کو نہیں کھلانا چاہیے؟
اس سوال پر سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ شاداب خان بہت اچھے بولر ہیں لیکن وہ اس وقت اپنے کیریئر کے برے دور سے گزر رہے ہیں۔
پاکستان ان سے 5 یا 6 نہیں بلکہ پورے 10 اوورز کرانے کی توقع کرتا ہے اس لیے میرا خیال ہے کہ تبدیلی ہونی چاہیے اور ان کو بٹھا کر اسامہ میر کو موقع دیا جانا چاہیے۔
شعیب ملک نے یہ بھی کہا کہ بنگلورو میں کل کے میچ میں گزشتہ میچ کی طرح پچ پر اسپن بال ٹرن نہیں ہوا۔ اسپنرز کو شاٹ بھی لگے زمپا کی لیگ اسپن بھی جگہ پر نہیں گر رہی تھی لیکن اس کی سلائیڈر اور گگلی اچھی جگہ گر رہی تھی۔
’بابر اعظم کو ہلکا نہ لیں اگلے میچ میں 100 کرے گا‘
ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ایک اور بولر ابرار احمد کو موقع دیے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایک اور سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ابرار ایک اچھا بولر ہے جس نے حال ہی میں کے پی ایل میں اچھی پرفارمنس دی اور کسی بی میچ میں کوئی بھی بلے باز اس کو کھل کر نہ کھیل سکا، اس نے وکٹیں بھی حاصل کیں۔
مصباح الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ ایسا ٹورنامنٹ ہے جس میں ایک ٹیم سے ایک ہی میچ کھیلا جانا ہے تو چانس کو مِس نہ کیا جائے اور ابرار جیسے مسٹری بولر کو کھلانا چاہیے۔ اس صورتحال میں وہ ٹیم کے لیے بہت کارآمد ہوسکتا ہے کیونکہ جب تک مخالف بیٹر ایسے مسٹری بولر کی بولنگ سمجھتے ہیں تب تک وہ میچ میں اپنا کام کر جاتے ہیں۔