پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ بابر جیسا چاہتے تھے ویسی ہی ٹیم بنائی اور ایشیا کپ میں ہارنے کے باجود رد وبدل سے گریز کیا۔
چوہدری ذکا اشرف کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ حالیہ ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس کا جائزہ لیا گیا تھا تاہم کپتان بابر اعظم نہیں چاہتے تھے کہ اس وقت ٹیم میں تبدیلی کی جائے۔
بھارت میں قومی ٹیم کی عمدہ کارکردگی کے لیے پرامید سربراہ پی سی بی نے بھارت جانے کے حوالے سے سوال پر کہا کہ میں بھارت کیسے جا سکتا ہوں؟ ہمارے شائقین کرکٹ اور صحافی بھارتی ویزے کا انتظار کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ بھارت میں پاکستان کی یہ ٹیم اچھی پرفارمنس دے، اسی بات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بابر اعظم کو مکمل اعتماد دیا اور ان کی ہر بات مانی۔
ذکا اشرف نے بتایا کہ انھوں نے قومی کپتان کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا کیوں کہ وقت کا تقاضہ یہی تھا۔ تاہم عالمی کپ میں پرفارمنس کو دیکھ کر مشکل اور بڑے فیصلے کرنا ہوئے تو ضرور کریں گے۔