تازہ ترین

بھارت میں تباہی پھیلانے والے وائرس سے متعلق عالمی ادارہ صحت کا اہم اعلان

جنیوا: عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے بھارت میں دریافت ہونے والی کرونا وائرس کی ایک نئی قسم کو وائرس کی نئی متغیر اقسام کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی ادارے کی جانب سے جاری رپورٹ میں وائرس کی اس تبدیل شدہ قسم کو ’دلچسپی کی حامل متغیر قسم‘ قرار دیا ہے، ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ اس میں تین مخصوص تغیرات ہیں جن کے باعث یہ زیادہ تیزی سے پھیل سکتا ہے اور اپنے خلاف اینٹی باڈیز کے عمل کو کمزور کر سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سائنسی طور پر یہ قسم بی ڈاٹ 1 ڈاٹ 617 گروپ سے تعلق رکھتی ہے، بھارت کے متاثرین کے تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ بظاہر یہ قسم پھیلاؤ کی زیادہ صلاحیت رکھتی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق اس نئے وائرس کے زیادہ متعدی ہونے اور انسانی جسم کی مدافعت کے خلاف زیادہ طاقتور ہونے کے امکانات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے، عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر کے طبی اداروں سے کہا ہے کہ وہ اس نئی قسم کے متاثرین کی ادارے کو رپورٹ کریں۔

وائرس کی اس تبدیل شدہ قسم کو بھارت میں کرونا وائرس متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی بڑی وجہ قرار دیا جارہا ہے، اس وقت بھارت میں یومیہ نئے متاثرین کی تعداد 3 لاکھ سے بڑھ چکی ہے جبکہ نئے متغیر وائرس کے باعث بھارت میں روزانہ ہونے والی اموات بھی دو ہزار سے زائد ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق، اب تک وائرس کی اس نئی قسم کی تصدیق برطانیہ، امریکہ اور سنگاپور سمیت کم از کم 16 ممالک میں ہو چکی ہے،بھارت میں تیزی سے پھیلاؤ کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ ایسے وقت جب ملک میں بڑے پیمانے پر مذہبی تہوار جاری ہیں، وائرس کی روک تھام کے اقدامات آسان نہیں ہوں گے۔

Comments

- Advertisement -