کولکتہ: چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے شاہد آفریدی کی کپتانی پر کئی سوالات اٹھادئیے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آفریدی نے نہ خود ٹھیک بولنگ کی اور نہ ہی دیگر بولرز کا صحیح استعمال کیا۔
ٹیم انڈیاسے شکست پرسابق کپتان برہم ہوگئے، ان کا کہنا ہے کہ اس پرفارمنس کے بعد ایسے لگتاہے جیسے مجھے کھیلناپڑےگا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیم انڈیاسے ورلڈ کپ مقابلوں میں گیارہویں شکست نے عمران خان کو دلبرداشتہ کردیا۔ میچ سے پہلےسابق کپتان نےشاہدآفریدی کوجیت کاگربھی بتایا لیکن ٹیم نے عمران خان کےمفید مشورےضائع کردئیے۔ مشورے ضائع ہونےپرعمران خان نےآفریدی پرخوب غصہ نکالا۔
بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اچھےسے اچھا کوچ بھی کچھ نہیں کرسکتا۔ میدان میں کپتان انچارج ہوتاہے۔ کسی کےمشورے کام نہیں آتے،ٹیم کوکیسےلڑانا ہے،فیصلہ کپتان کرتے ہیں۔ لیکن جب کپتان ہی دباؤ کا شکار ہو تو پھر پوری ٹیم پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
عمران خان نےکہاکہ آفریدی دباؤ میں تھے۔اسی وکٹ پربھارتی بولرزنے بہترین بولنگ کرائی، لیکن پاکستان نےکوئی ریگولر اسپنرنہیں کھلایا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی شکست کا ذمہ دار کسی ایک کھلاڑی کو قرار نہیں دیا جا سکتا لیکن پاکستان کے اسپنر نے اچھی بولنگ نہیں کی، ان کی لائن اور لینتھ ٹھیک نہیں تھی، اسپنر کے ذریعے سے ہم فائدہ اٹھا سکتے تھے لیکن آفریدی نے نہ خود ٹھیک بولنگ کی اور نہ ہی دیگر بولرز کا صحیح استعمال کیا۔
عمران خان نے شاہدآفریدی کی کپتانی پرسوالات اٹھاتےہوئے کہا کہ میچ شروع ہونےسے آخرتک ٹیم کی کمان کپتان کےہاتھ میں ہوتی ہے۔صورت حال دیکھ کرفیصلےتبدیل کرنااچھے کپتان کی پہچان ہے۔