بیجنگ : چین میں دوسری جنگ عظیم کے ستر سال مکمل ہونے کے موقع پر یوم فتح منایا جارہا ہے۔
دوسری جنگ عظیم میں جاپانی جارحیت سے نبردآزما ہونے اور ستر سال مکمل ہونے کے موقع پر یوم فتح کے دن فوجی پریڈ جاری ہے، بیجنگ کے تینامن اسکوائر میں ہونے والی اس پریڈ میں تقریباً 12 ہزار فوجی حصہ لے رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ 200 جنگی طیارے ، ٹینکوں اور میزائلوں کی بھی نمائش کی جا رہی ہے۔ پریڈ میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس جنگی ساز وسامان بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
اس موقع پر اپنے ابتدائی خطاب میں چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’چینی عوام نے انتہائی ثابت قدمی سے جاپان کی جارحیت کا مقابلہ کیا اور انھیں شکست دی تھی۔
صدر ممنوں حسین ،روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سمیت عالمی سربراہان تقریب میں موجود ہیں، اس موقع پر ملک بھر میں تین روز کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور جاپان سمیت کئی دوسرے ممالک کے سربراہان نے اس پریڈ میں شرکت نہیں کی۔
یاد رہے کہ بھارت اور امریکہ نے دوسری جنگ عظیم کے ستر سال مکمل ہونے پر چین میں ہونے والی فوجی پریڈ میں اپنی فوج بھیجنے سے معذرت کرلی تھی۔