اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا 5 جی کی طرف دیکھ رہی ہے، 5 جی کے بعد دنیا تبدیل ہو جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے آج سائنس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا ہمیں ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے کرونا وبا سے لڑنا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا گزشتہ روز کرونا کی ویکسین کا اعلان بھی ہوگیا ہے، جب پاکستان میں پہلا کرونا کیس آیا تو ہم کرونا کا تمام سامان باہر سے منگوا رہے تھے، لیکن 4 سے 5 ماہ میں ہم تمام اشیا ایکسپورٹ کرنے کے قابل ہوگئے۔
فواد چوہدری نے خواتین کو سائنس کے شعبے کی جانب راغب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایسا شعبہ ہے جہاں خواتین کو سب سے بہتر ماحول ملتا ہے۔
پاکستان میں 5 جی ٹیکنالوجی کا آغاز ، صارفین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے خوش خبری دی تھی کہ پاکستان میں فائیو جی کے آغاز کے لیے فائبر کیبل بچھانے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور آئندہ برس پاکستان میں فائیو جی لانچ کر دی جائے گی۔
4 نومبر کو امین الحق پاکستان سے کی جانے والی پہلی انٹرنیشنل فائیو جی فون کال کا حصہ بھی بنے، انھوں نے تیز ترین انٹرنیٹ کے ذریعے کی جانے والی 5 جی کال کی بہترین ویڈیو کوالٹی اور صاف آواز کا مشاہدہ بھی کیا۔
یہ فائیو جی انٹرنیشنل کال زونگ ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سے بیجنگ کی گئی تھی، جس میں وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے چائنا موبائل کمپنی کے ہیڈ کوارٹر میں بات کی۔