اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اراکین نے بارش کی غلط پیشگوئیوں پر محکمہ موسمیات کو آڑے ہاتھوں لیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس چیئرمین محمد عتیق انور کی زیر صدارت ہوا، جس میں اراکین نے محکمہ موسمیات کی غلط پیشگوئیوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
رکن کمیٹی میر منور علی نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی زیادہ تر خبریں غلط نکلتی ہیں، ایک بار چار دن بارش کی پیشگوئی کی گئی لیکن ایک قطرہ بھی بارش نہیں ہوئی۔
رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات جس دن بارش کی اطلاع دیتا ہے اس دن بارش نہیں ہوتی اور جس دن کہتا ہے بارش نہیں ہوگی، اس دن بارش ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پیشگوئی سن کر چھتری لے کر نکلتے ہیں لیکن بارش نہیں ہوتی۔
شازیہ مری نے محکمہ موسمیات کا بجٹ اور ملازمین کی تعداد پر بھی سوال اٹھایا، جس پر ڈی جی میٹ ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ ادارے کا بجٹ 4 ارب روپے اور ملازمین کی تعداد 2430 ہے۔
چیئرمین کمیٹی محمد عتیق انور نے کہا کہ کمیٹی کسی دن محکمہ موسمیات کا دورہ کرے گی تاکہ سسٹم کا جائزہ لیا جا سکے اور یہ دیکھا جائے کہ پیشگوئیاں درست کیوں نہیں ہوتیں اور محکمے کے پاس کونسی ٹیکنالوجی موجود ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


