لاس اینجلس: ڈبلیو ڈبلیو ای میں بگ ڈاگ کے نام سے مشہور معروف ریسلر رومن رینز کینسر جیسے موذی مرض سے صحت یاب ہوکر رنگ میں واپس آئے اور اپنی ٹیم دی شیلڈ کو جوائن کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈبلیو ڈبلیو ای فاسٹ لین مقابلے کا انعقاد ہوا جس میں ٹرپل تھریٹ میچ میں رومن رینز، سیتھ رولنز، ڈین ایمبروز کا مقابلہ ڈریو میکن ٹائر، بوبی لیشلے اور بیرن کوربن سے ہوا۔
دی شیلڈ ٹیم نے اپنے حریف ڈریو میکن ٹائر، بوبی لیشلے اور بیرن کوربن کو شکست سے دوچار کیا، شائقین کی جانب سے رومن رینز کی واپسی کو خوب سراہا گیا ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے رومن رینز کی واپسی کے ساتھ ہی ایونٹ کی رونق لوٹ آئی ہے۔
رومن رینز نے اپنے مخصوص انداز میں بیرن کوربن سمیت بوبی لیشلے اور ڈریو میکن ٹائر کو سپر مین پنج مارے اور دی شیلڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
رومن رینز کو تینوں ریسلرز نے گھیرے میں لیا تو موقع پر پہنچ کر ڈین ایمبروز اور سیتھ رولنز نے بگ ڈاگ کو بچالیا اور بیرن کوربن، لیشلے، میکن ٹائر پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے۔
رومن رینز نے اپنا آخری اسپیئر مار کر مقابلہ جیت لیا، امید ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والی ریسل مینیا 35 میں بھی رومن رینز، ایمبروز بھی مخالف کے خلاف لڑتے نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ ریسل مینیا 35 میں رائل رمبل جیتنے والے سیتھ رولنز کا مقابلہ یونیورسل چیمپئن چیمپئن بروک لیسنر سے ہوگا، بروک لیسنر کئی ماہ سے یونیورسل چیمپئن ہیں اور انہیں دی مونسٹر برون اسٹرومین بھی شکست نہیں دے سکے ہیں۔