پیرس : فرانس کی سترہ سابق خاتون وزراء مرد سیاست دانوں کی جانب سے خواتین سیاستدانوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے خلاف میدانِ عمل میں آ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق فرانس کی مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی 17 سابق خاتون وزراء نے ’’جنسی طور پر ہراساں‘‘ کیے جانے کے خلاف محاذ بنا لیا،اُن کا کہنا تھا کہ سیاست میں آنےکےبعدانھیں مردوں کی جانب سے تعصب کاسامنا کرنا پڑا، سیاست میں خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعات کےبارےمیں اب وہ خاموش نہیں رہیں گی۔
مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنےوالی ان وزراء کاکہناہےکہ سیاست ایک زمانے میں صرف مردوں تک محدود تھی،شاید اس وجہ سے مرد سیاست دانوں کو خواتین سیاست دانوں سے بہتر برتاؤ کا طریقہ نہیں آتا،دیگر شعبوں کی طرح سیاست سے وابستہ کچھ مردوں کو بھی اپنی ذہنیت اور رویہ بدلنےکی ضرورت ہے۔
اس موقع پر سابق خاتون وزراء نے عہد کیا کہ اب وہ مزید مرد سیاست دانوں کے متعصبانہ رویے کو برداشت نہیں کریں گی،اور خواتین کا استحصال کرنے والے مرد سیاست دانوں کے خلاف ڈٹی رہیں گی۔