اسلام آباد (7 جنوری 2026): سپلائی چین، اسٹیل، منرلز، آٹو اور ریئل اسٹیٹ میں نمایاں مقام رکھنے والی چینی کمپنی نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر فارچون 500 چینی کمپنی شیامن سی اینڈ ڈی کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی، اس موقع پر چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی فریدون اکرم شیخ اور بورڈ ممبران بھی موجود تھے۔
چینی کمپنی شیامن سی اینڈ ڈی نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر انویسٹمنٹ میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی کمپنی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا
ہارون اختر نے بتایا کہ شیامن سی اینڈ ڈی آٹو موبائل، اسٹیل اور آئرن سیکٹر میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہے، یہ عالمی سپلائی چین، اسٹیل، منرلز، آٹو اور ریئل اسٹیٹ شعبوں میں نمایاں مقام رکھتی ہے اور عالمی تجارت اور لاجسٹکس کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا وژن پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، ان کے دورہ چین کے بعد پاکستان میں چینی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا۔
’چینی سرمایہ کاروں کو مکمل حکومتی سہولتوں اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ قومی صنعتی پالیسی صنعتوں اور سرمایہ کاروں کو مزید بااختیار بنائے گی۔ شیامن سی اینڈ ڈی کے ساتھ مل کر پاکستان میں انویسٹمنٹ کو فروغ دیں گے، چینی کمپنی کے پاکستان میں آنے سے روزگار کے مواقع اور صنعتوں کو فروغ ملے گا۔‘


