لندن(13 جولائی 2026): اٹلی کے اسٹار ٹینس کھلاڑی یانک سنر نے مسلسل دوسری بار مینز ومبلڈن چیمپئن شپ کا فائنل جیت کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کر لیا ہے۔
ومبلڈن کے فائنل معرکے میں ٹاپ سیڈ یانک سنر نے جرمنی کے الیگزینڈر زویریو کو ایک سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دی۔ پونے چار گھنٹے تک جاری رہنے والے اس فائنل میچ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
جرمن کھلاڑی الیگزینڈر زویریو نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلا سیٹ ٹائی بریک پر 7-6 سے اپنے نام کیا، تاہم یانک سنر نے میچ میں شاندار واپسی کی اور اگلے تینوں سیٹس جیت کر میچ اپنے نام کر لیا۔
سنر کو مقابلہ برابر کرنے کے لیے دوسرے سیٹ میں بھی ٹائی بریکر تک سخت محنت کرنا پڑی اور انہوں نے یہ سیٹ 7-6 سے جیتا۔
اس کے بعد سنر نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کر لی اور تیسرے سیٹ میں جرمن کھلاڑی کو 6-3 اور چوتھے سیٹ میں 6-4 سے آؤٹ کلاس کیا۔ الیگزینڈر زویریو تیسرے سیٹ میں صرف 3 اور چوتھے سیٹ میں محض 4 گیمز ہی جیت سکے۔
یہ یانک سنر کے کیریئر کا مسلسل دوسرا ومبلڈن ٹائٹل ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال پہلی بار ومبلڈن چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اب ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا ہے۔


