بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

کرونا وائرس، عوام گھروں میں رہیں، یہ نہ ہو کل مزید لاک ڈاؤن کرنا پڑے، یاسمین راشد

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ عوام گھروں میں رہیں یہ نہ ہو کل مزید لاک ڈاؤن کرنا پڑے، چھٹیاں سیرو تفریح کے لیے نہیں دی گئیں گھروں میں رہنے کے لیے دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 384 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 320 کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں، اس وقت پنجاب میں کرونا وائرس کے 78 مریض ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی تشخیص والوں کو الگ کردیا گیا ہے، پنجاب میں تمام کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج جاری ہے، لاہور میو اسپتال میں 4 مریض داخل ہیں اور صحت یاب ہورہے ہیں۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ عملے کے پاس تمام ضروری چیزیں موجود ہیں، کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو بھی الگ کردیا گیا ہے، پنجاب میں ٹیچنگ اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کردئیے۔

وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر خدشات پیدا کررہے ہیں کہ ہم اقدامات نہیں کررہے، پنجاب حکومت نے پہلے سے ہی کام کرنا شروع کردیا تھا، فیلڈ اور کیمپ اسپتالوں کے لیے جگہ دیکھی جارہی ہے، صورتحال دن بدن بدلتی جارہی ہے ویسے ہی اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی کے ایل کو بھی خالی کرالیا گیا ہے، ڈی جی خان میں موجود زائرین کے ٹیسٹ 48 گھنٹے میں کرلیے جائیں گے، ایک ہزار بستر کا فیلڈ اسپتال بھی تیار کیا جائے گا، جو مریض ٹھیک ہورہے ہیں ان کو بھی 14 دن قرنطینہ میں رکھ رہے ہیں۔

یاسمین راشد نے کہا کہ ملتان کی لیبر کالونی میں 1500 افراد کے ٹیسٹ کیے جائیں گے، عوام مہربانی کریں گھروں میں رہیں اس میں آپ کا ہی فائدہ ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں