کراچی کے علاقے نیپا چورنگی کے قریب تین سالہ بچے ابراہیم کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے نے ہر آنکھ اشکبار کردی۔
شوبز شخصیات نے بھی واقعے پر سندھ حکومت پر کڑی تنقید کی اور سوال کیا کہ اس کا ذمہ دار کون ہے۔یاسر حسین اور اقرا عزیز بھی ایک بیٹے کبیر حسین کے والدین ہیں اور اس حادثے نے ان کو بھی افسردہ کردیا۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے یاسر حسین نے لکھا کہ ’ڈھکن گٹر پر نہیں، کرپشن پر لگانا ہوگا، پاکستان زندہ باد۔‘
اداکار کی انسٹاگرام اسٹوری تیزی سے وائرل ہوگئی اور صارفین بھی خرابی کی جڑ کرپشن کو قرار دے رہے ہیں۔
گزشتہ روز سجل علی، ماہرہ خان، احسن خان، مشی خان، نمرہ ، ریما خان سمیت متعدد اداکار بھی اس واقعے پر اپنے غم و غصے کا اظہار کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ نیپا چورنگی کے قریب 3 سالہ بچہ ابراہیم معروف مال سے شاپنگ کے بعد والدہ کے ہمراہ نکلا اور ایک گتے پر کھڑا جو دراصل گٹر کو ڈھکنے کے لیے رکھا گیا تھا۔
دیکھتے ہی دیکھتے بچہ مین ہول میں گر گیا جوشاید کسی نالے کا دہانہ تھا اور بچہ تیزی سے بہتے گندے پانی میں دور نکل گیا۔
یہ پڑھیں: ’معاف کردینا ابراہیم‘ شوبز شخصیات بھی ننھے بچے کی موت پر افسردہ
حکومتی بے حسی اور نااہلی کے باعث جائے وقوعہ پر موجود شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مشینری منگوائی، چندہ کرکے ڈیزل ڈالا اور تلاش شروع کی۔
یہ تلاش 15 گھنٹے تک جاری رہی جس کے بعد ایک کچرا چننے والے بچے کو ایک سے ڈیڑھ کلو میٹر کی دوری پر نالے میں سے بچے کی لاش ملی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



