لاہور: لیگ اسپنر یاسر شاہ کو نوجوان اسپنر شاداب خان کی جگہ قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹار لیگ اسپنر یاسر شاہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرلیا، انہیں شاداب خان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شعیب ملک ٹیم کی روانگی سے قبل ہی دبئی پہنچ گئے، سابق کپتان شعیب ملک دبئی سے قومی ٹیم کوجوائن کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان ٹیم کے ساتھ انگلینڈ نہیں جائیں گے، ان کا مزید میڈیکل چیک اپ کرایا جا رہا ہے، شاداب خان میڈیکل ٹیسٹ کے بعد انگلینڈ جائیں گے۔
قومی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں ورلڈکپ میں شرکت کے لیے آج رات انگلینڈ روانہ ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف سلیکٹر انضام الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ لیگ اسپنرشاداب خان کے بلد ٹیسٹ میں وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں 4 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
ورلڈکپ سے پہلے قومی ٹیم کودھچکا، شاداب خان ہیپاٹائٹس میں مبتلا
انضام الحق کا کہنا تھا کہ شاداب خان انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز نہیں کھیل سکیں گے اور امید ہے کہ وہ ورلڈکپ تک فٹ ہوجائیں گے۔
ذرائع کے مطابق شاداب خان کی بلڈ رپورٹ درست نہیں آئی اور ان کے خون کے نمونے میں پیپاٹائٹس کے وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
واضح رہے کہ 5 ٹیسٹ، 34 ون ڈے اور 32 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے لیگ اسپنر شاداب خان ورلڈکپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔