ترنگا: پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے بلے بازوں کو قیمتی مشورہ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے اچھی بیٹنگ کی، انہیں رنز نہیں مل رہے تھے تو بھی کریز پر ٹھہرے رہے، جس طرح کی وکٹ ہے ہمیں اپنے بلے بازوں سے اچھے رنز کی امید ہے، ہمارے بیٹسمین زیادہ دیر کریز پر ٹھہرنے کی کوشش کریں گے تو رنز بنانے میں آسانی ہوگی۔
یاسر شاہ نے کہا کہ پہلے دو دن میرا کام فاسٹ باؤلرز کو سپورٹ کرنا تھا، محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی نے بری باؤلنگ نہیں کی، ابھی اس وکٹ پر گیند زیادہ اسپن نہیں ہورہا ہے، امید ہے آئندہ اننگز میں پچ تبدیل ہونےلگےگی، پچ تبدیل ہوئی تو گیند ٹرن ہوگا جس کا فائدہ اٹھاؤں گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ: دوسرا دن کا اختتام، پاکستان کا 30 رنز پر ایک کھلاڑی آؤٹ
قومی ٹیم کے لیگ اسپنر نے کہا کہ ہمیں فیلڈنگ میں بہتری کی ضرورت ہے، ساتھ ہی انہوں نے اوپنر شان مسعود کے جلد آؤٹ ہونے پر کہا کہ شان مسعود کی وکٹ بیڈ لک کہلائے گی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں یاسر شاہ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔