اسلام آباد: ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی سات روز کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِاعظم ضمانت کے لئے فاروق ایچ نائیک سمیت حامیوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے، جسٹس نور الحق قریشی نےدرخواستوں کی سماعت کی۔
یوسف رضا گیلانی نےضمانت ملنے کے بعد بتایا کہ آج عدالت میں پیش ہوا تو پتہ چلا کہ ان پر ایک اور پرچہ کردیا گیا، وہ وزیراعظم رہے ہیں جانتے ہیں، حکومت کی اجازت کے بغیر ایف آئی اے کوئی کارروائی نہیں کرسکتی، آصف زرداری نے دلبرداشتہ ہو کر بیان دیا، پیپلزپارٹی پر دہشت گردی کا الزام ناقابل برداشت ہے۔
اس سے قبل یوسف رضا گیلانی کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر رجسٹرار آفس نے شناختی کارڈ موجود نہ ہونے پر اعتراض لگا دیا تھا، جس پر یوسف رضا گیلانی کے وکلاء نے فون کر کے انہیں آئی ڈی کارڈ سمیت عدالت میں بلالیا تھا۔
سابق وزیرِاعظم یوسف گیلانی کی مختلف مقدمات میں ضمانت قبل ازگرفتاری کی آٹھ درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہیں۔ اعتراضات دور کر نے کے بعد چیف جسٹس نے درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرلی تھی۔