تازہ ترین

رقم کو خرچ کرنے کی درست جگہ کون سی ہے؟

ہم اپنی زندگی میں بہت محنت کر کے پیسہ کماتے ہیں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہمیں حاصل ہونے والی رقم کم ہے یا زیادہ، بس اس میں ہم اپنی زندگی کو بہتر سے بہتر بنا لیں۔

اس کے لیے ہم بہت سی اشیا خریدتے ہیں۔ اچھے سے اچھا گھر بناتے ہیں، بڑی گاڑی خریدتے ہیں، مہنگے ملبوسات، گھڑیاں اور آرائشی اشیا لیتے ہیں، لیکن یہ تمام اشیا کیا واقعی ہماری محنت کی کمائی کا صحیح مصرف ہیں؟

ماہرین کا خیال ہے کہ ’نہیں‘، ان کے مطابق ہمیں اپنی رقم کو اشیا خریدنے کے بجائے نئے تجربات حاصل کرنے پر خرچ کرنا چاہیئے۔

امریکا کی کارنیل یونیورسٹی کی جانب سے کی جانے والی 20 سالہ طویل تحقیق سے علم ہوا کہ چیزوں کے بجائے تجربات پر رقم خرچ کرنا نہ صرف رقم کا صحیح مصرف ہے بلکہ یہ ہمیں خوشی بھی دیتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھاری رقوم خرچ کر کے ملنے والی چیزوں سے جو خوشی حاصل ہوتی ہے وہ جلد ہی ماند پڑ جاتی ہے۔

اس کی 3 وجوہات ہیں۔ ہم جلد ہی ان چیزوں سے بور ہو کر نئی چیزوں کے شوق میں مبتلا ہوجاتے ہیں، ہم اپنا معیار بلند کرتے جاتے ہیں یا اس کی خواہش رکھتے ہیں اور ہم دوسروں کی اشیا دیکھ کر احساس کمتری میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

یہ چیزیں ہم کچھ عرصہ خوش رکھتی ہیں اس کے بعد ہم اس کے عادی ہوجاتے ہیں۔ اس کے برعکس تجربات ہماری شخصیت کا حصہ بن جاتے ہیں۔

مثال کے طور پر کوئی مہنگی گھڑی خریدنا ہماری صلاحیت یا شخصیت کو ظاہر نہیں کرتا، لیکن اگر لوگوں کو معلوم ہوگا کہ آپ ایک مشکل اور دشوار گزار راستے پر ٹریکنگ کر چکے ہیں تو یقیناً ان کی نظر میں یہ آپ کی شخصیت کا مثبت پہلو ہوگا۔

نئے تجربات کرنا منصوبہ بندی سے لے کر اختتام تک آپ کو خوش رکھتے ہیں، اس کے برعکس اشیا آپ کو بے چینی میں مبتلا کردیتی ہیں کہ لوگ انہیں دیکھیں اور سراہیں۔

رقم کے اس استعمال سے آپ کس حد تک متفق ہیں؟ ہمیں کمنٹس میں ضرور بتائیں۔

مزید پڑھیں: دولت مند افراد پرتعیش اشیا سے بیزار

Comments

- Advertisement -