کراچی : صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ دس محرم کو کراچی میں موبائل فون سروس معطل رہے گی ،9،8 محرم کوسندھ میں جلوسوں کی گزرگاہوں پرموبائل سروس بند ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے یوم عاشور پر قیام امن اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کے پیش نظر8اور9محرم الحرام کو سندھ میں جلوسوں کی گزرگاہوں پرموبائل سروس بند رہے گی، جبکہ دس محرم کو کراچی میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ ہم پر سندھ میں نوکریوں کی بندر بانٹ کا الزام درست نہیں ہے، سینیٹرز، ارکان اسمبلی کو نوکریوں میں کوئی کوٹہ نہیں دیا گیا، سندھ کےعوام کویقین دلاتا ہوں کہ سرکاری ملازمتیں میرٹ پر ہی دی جائیں گی۔
اسی سے متعلق: سندھ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ
ایک سوال کے جواب میں ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی اور عدالتوں کی قربت کچھ زیادہ ہی ہے، کراچی گیمز کے انعقاد پرانتظامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے عالمی میچز کا انعقاد خوش آئند ہے۔