جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز کے مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ : بلوچستان حکومت سے ینگ ڈاکٹرزسے کامیاب مذاکرات کے بعد ینگ ڈاکٹرایسوسی ایشن اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس نے صوبائی وزیر صحت اوراے این پی کے پارلیمانی لیڈر کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد اپنے مطالبات کے حصول کیلئے کی جانے والی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

کوئٹہ پریس کلب کے باہر ینگ ڈاکٹرز بلوچستان اور پیرامیڈیکل اسٹاف ایسو سی ایشن کے احتجاجی کیمپ میں مذاکرات کے بعد ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ مندوخیل اور دیگر نے صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ اور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں پندرہ روز قبل لگایا گیا احتجاجی کیمپ ختم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ینگ ڈاکٹر ز اور پیرامیڈیکس نے عوامی مفاد میں ہڑتال شروع کی تھی اور عوام کے لئے کچھ حاصل کرنے کے بعد احتجاج ختم کررہے ہیں

صوبائی حکومت نے ڈاکٹروں کی ریلی پر تشدد کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ینگ ڈاکٹر کے عہدیدار ڈاکٹر حفیظ کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر صحت کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کر رہے ہیں۔

مذاکرات میں طے پایا گیا کہ ڈاکٹرز کی ریلی میں تشدد کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ڈاکٹر اسد کو 20لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے احتجاج ختم کرنے پر ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کوئٹہ میں پولیس کے تشدد سے زخمی ہونے والے ڈاکٹر اسد کے لئے بیس لاکھ روپے کی رقم معاوضے کے طور پر دی جائے گی جبکہ تشدد کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔

اس سے قبل ینگ ڈاکٹرز نے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلانے کی دھمکی دی تھی۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کے دوران اسپتالوں میں ایمرجنسی شعبہ اور او پی ڈی کو مکمل طور پر بند کردیا تھا جس سے مریضوں کو خاصی مشکلات اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں