لاہور : سروسز اسپتال میں ڈاکٹرز کی غفلت کے باعث مریض کی ہلاکت پر برطرف کیے جانے کے خلاف ڈاکٹرز سراپا احتجاج بن گئے۔
ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے محکمہ صحت کے دفتر میں ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی کی گئی جس کے باعث صورتحال خراب ہوئی اور پولیس نے پہنچ کر حالات قابو میں کیے۔
ڈاکٹروں کی ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی کا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سختی سے نوٹس لے لیا ہے، انہوں نے سیکرٹری صحت پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی
وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہنگامی آرائی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی کی ہدایت دیتے ہوئے مزید احکامات بھی جاری کیے۔
اس حوالے سے محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز نے محکمانہ کارروائی کو تبدیل کروانے کے لیے ہنگامہ آرائی کی جو خلاف قانون ہے۔
ترجمان کے مطابق سروسز ہسپتال میں غفلت سے مریض کی ہلاکت کے واقعے کے بعد محکمہ صحت نے کچھ ڈاکٹروں کو ملازمت سے برطرف کیا تھا۔
محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وائی ڈی اے نے محکمانہ رپورٹ تبدیل کروانے کے لیے محکمہ صحت کے دفتر میں ہنگامہ آرائی کی تھی۔