لاہور: ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال بدستور جاری ہے، تاہم ایمرجنسی میں 48 گھنٹوں کے لئے ہڑتال ختم کر دی گئی ہے، وائی ڈی اے نے حکومت کو مطالبات کی منظوری کیلئے 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی ہے.
تفصیلات کے مطابق سروسز ہسپتال کے ان ڈور اور آؤٹ ڈور میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال بدستور جاری ہے، جبکہ ایمرجنسی میں 48 گھنٹوں کے لئے ہڑتال ختم کر دی گئی ہے۔
وائی ڈی اے نے حکومت کو مطالبات کی منظوری کیلئے 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو پنجاب بھر میں ہڑتال شروع کر دیں گے۔
سروسز ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث آپریشن تھیٹرز بند ہیں۔ ہڑتال کے باعث روزانہ 200 سے زائد آپریشنز ملتوی ہو رہے ہیں۔ سروسز ہسپتال آنے والے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں:ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری، او پی ڈیز بند، مریض بے بس
یاد رہے کہ گذشتہ سال بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں نیشنل انڈیکشن پالیسی کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے دوران او پی ڈیز بند ہونے کے باعث مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا.
مزید پڑھیں:ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے خلاف عدالت میں درخواست دائر
دوسری جانب گذشتہ سال ہی لاہور ہائی کورٹ میں درخواست سید نجف عباس شاہ ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ ینگ ڈاکٹرز کے ایک گروہ نے لاہور کے ہسپتالوں اور سڑکوں کو مفلوج کر دیا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ایمرجنسی اور آوٹ ڈور سروسز بند ہیں جس کی وجہ مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔