کراچی: شہر قائد میں لوٹ مار عروج پر ہے، ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کم عمر لڑکوں نے ایک پکوان سینٹر پر کئی افراد کو لوٹ لیا، کراچی پولیس اسٹریٹ کرائمز اور لٹیروں کے طوفان سے شہریوں کو بچانے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کر سکے۔
سامنے آنے والی فوٹیج میں کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں 5 مسلح ملزمان کو دھڑلے کے ساتھ لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ واردات 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 5 مسلح ملزمان نے انجام دی، ابتدا میں دو موٹر سائیکل سوار اسلحہ نکال کر دکان میں لوٹ مار کرنے لگے، ذرا دیر بعد ایک اور موٹر سائیکل پر پیلی ٹی شرٹ میں ملبوس پانچواں لٹیرا بھی پستول نکال کر آ گیا۔
واردات میں شامل لٹیروں کو پکوان سینٹر کی دکان میں موجود عملے اور دیگر افراد سے لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، لٹیروں نے بلاخوف و خطر واردات مکمل کی اور فرار ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق لٹیروں نے پکوان سینٹر پر موجود عملے سے ان کے موبائل فون اور نقدی چھینی، فوٹیج میں واضح دکھائی دے رہا ہے کہ لٹیروں کا یہ گروپ لڑکوں پر مشتمل ہے۔
واردات کے دوران لڑکوں نے مختلف ڈیزائن اور رنگ کے فیس ماسک پہنے ہوئے تھے، شام کے وقت ہونے والی واردات کی فوٹیج میں لوگوں کو بھی آتے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج میں جہاں کم عمر لٹیروں کا جرم کے وقت اطمینان حیران کن ہے وہاں، یہ صورت حال کراچی پولیس کے منہ پر ایک زناٹے دار تمانچہ بھی ہے، جن کے ہوتے ہوئے روزانہ شہری لٹ رہے ہیں اور سامنے آنے والی فوٹیجز کو بھی اپنے لیے پریشانی کا باعث نہیں سمجھ رہے۔