بھارت میں امر بسنت مہوپترا نامی نوجوان کو اس کے فلیٹ میں ساتھ رہنے والے شخص نے برتن دھونے کے معولی تنازع پر قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
دنیا میں لوگوں کی قوت برداشت اتنی کم ہوگئی ہے کہ اب معمولی معمولی باتوں پر ایک ساتھ رہنے اور کھانے پینے والے ایک دوسرے کی جان بھی لینے سے گریز نہیں کرتے ایسا ہی ایک واقعہ پڑوسی ملک بھارت میں پیش آیا ہے جہاں ایک ہی فلیٹ میں مقیم ایک شخص نے اپنے ساتھی کی جان برتن دھونے کے معمولی تنازع پر لے لی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مقتول 28 سالہ امر بسنت مہوپترا، ملزم انیل کمار سرت کمار داس اور ایک اور 40 سالہ برجو ساہو جو بھارت کے مختلف علاقوں کے رہائشی ہیں جو پیشے کے لحاظ سے حجام ہیں اور روزگار کے سلسلے میں ایک ہی فلیٹ میں مقیم تھے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ جمعے کی نصف شب مہاپترا نے داس سے برتن دھونے کو کہا جس کے بعد دونوں میں بحث ہوئی اور مشتعل ہو کر داس نے باورچی خانے کا چاقو اٹھایا اور مہاپترا پر بے دردی سے وار کردیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
اس واقعے کی شکایت ملزم اور مقتول کے ساتھ رہنے والے تیسرے شخص 40 سالہ برجو ساہو نے درج کرائی تھی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم داس کو حراست میں لے لیا ہے۔