کراچی : کورنگی میں پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا، مقتول سعیدکچھ عرصہ پہلے اندرون سندھ سے کراچی منتقل ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی گلزارکالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول کی شناخت سعید کلہوڑو کے نام سے کی گئی ، مقتول نے لاڑکانہ سے خاتون کو کراچی لاکر پسند کی شادی کی تھی۔
فائرنگ کرنیوالے ایک شخص کی شناخت ہوگئی ہے اور جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 2 خول ملے، موٹرسائیکل پردوافراد آئےاور گولیاں مار کر چلے گئے۔
لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی جہاں ورثا نے بتایا سعید نے دوسری قبیلےکی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی ، جس لڑکی سے شادی کی، اس کے گھر والوں کو جرگے کے حکم پر باپ کا گھر بیچ کے ادائیگی کردی تھی، پھر بھی سعید کی جان لے لی گئی۔
پولیس نے بتایا عینی شاہدین کے بیان لے لیے ہیں، ورثا تدفین کے بعد مقدمہ درج کرائیں گے۔