راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ کوچز بہتر سمجھتے ہیں کہ اسپنر کی ضرورت تھی یا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کےنوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ہوم گراؤنڈ میں کھیلنے کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کراؤڈ کے سامنے کھیل کر اچھا لگا، کوشش ہوگی کل سری لنکا کو جلد سے جلد آؤٹ کریں۔
نسیم شاہ نے کہا کہ سری لنکن ٹیم نے پہلا سیشن اچھا کھیلا، پہلے جیسے بولنگ کرنی چاہئے تھی ویسے نہیں کی۔
نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ کل کوشش کریں گے جلد از جلد وکٹیں حاصل کریں، فاسٹ بولرز کے لیے پچ مددگار تھی، کوچز بہتر سمجھتے ہیں کہ اسپنر کو کھلایا جانا چاہئے تھا یا نہیں۔
مزید پڑھیں: پہلا ٹیسٹ، سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں پر 202 رنز بنالیے
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم چار فاسٹ بولر کے ساتھ میدان میں اتری ہے، حارث سہیل اور شان مسعود پارٹ ٹائم اسپنر کے طور پر بولنگ کررہے ہیں۔
سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنالیے ہیں۔
سری لنکن کپتان کرونارتنے نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ڈی سلوا 38 اور ڈک ویلا 11 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔