کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مینٹور سابق ویسٹ انڈین کپتان سر ویوین رچرڈ نے بابر اعظم کو کرکٹ کا محمد علی قرار دے دیا۔
سابق ویسٹ انڈین کپتان کا کہنا ہے کہ نوجوان بیٹر سابق عظیم باکسر کی طرح کسی کو بہت جلد ناک آؤٹ نہیں کرتے مگر میچ کے اختتام تک اپنا کام دکھا چکے ہوتے ہیں۔
ویوین رچرڈ نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل دنیا کی بہترین ٹی ٹوئنٹی لیگز میں سے ایک ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور ویوین رچرڈزنے کہا کہ مجھے بابر اعظم کی بیٹنگ دیکھتے ہوئے محمد علی کی یاد آتی ہے، نوجوان بیٹر بھی ایک کلاسی باکسر کی طرح ہیں جو فوری طور پر ناک آؤٹ نہیں کرنا چاہتے مگر جب میچ ختم ہو تو حریف زخموں سے چور ہوتا ہے اور وہ اپنا کام کرچکے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم حریف کو پنچ لگانے کا سلسلہ جاری رکھتے اور ایک کلاسک بیٹر ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نام کمانے کے خواہشمند کرکٹرز کو ان سے سیکھنا چاہیے کہ ہر گیند پر چھکا لگانے کی ضرورت نہیں ہوتی، گیپ میں کھیلنا اہم ہے، بابر اعظم یہ کام بخوبی کررہے ہیں۔
ویوین رچرڈز نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز سے اچھی کارکردگی کی امید ہے،ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے امید جاگی ہے مگر میں پاکستان کو بھی منظر نامے سے باہر نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کئی سال سے بہترین کرکٹرز ایکشن میں نظر آرہے ہیں،اسے بہترین ٹی ٹوئنٹی لیگز میں سے ایک قرار دیا جاسکتا ہے۔
سابق ویسٹ انڈین کپتان نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ وابستہ ہونا میری خوش قسمتی ہے،میں اپنے اس تجربے سے 100فیصد لطف اندوز ہورہا ہوں، فرنچائز نے ابتدا سے ہی مجھے ساتھ رکھا،ٹیم اونر ندیم عمر، کھلاڑی اور تمام وابستہ افراد شاندار ہیں۔