پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے آسٹریلوی کرکٹر جیمز فلکنر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اے آر آئی نیوز کے شو اسپورٹس روم میں گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ میں بھی پی ایس ایل 7 کا حصہ رہا ہوں، پی ایس ایل ختم ہوتے ہی سب کو ادائیگی ہو جاتی ہے، رپورٹ اگر سچ ہے تو جیمز فاکنر کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
شو مین موجود تنویر احمد نے کہا کہ پی سی بی نے یقین دلایا تھا پھر جیمز فاکنر کا بدتمیزی کرنا جائز نہیں تھا، پی سی بی سے درخواست ہے کہ جیمز فلکنر کی فوٹیج ریلیز کریں۔
تنویر احمد نے کہا کہ پی سی بی کو چاہیے دنیا کو دکھائے جیمز فلکنر نے کیسے بدتمیزی کی، جیمز فلکنر کو اپنی بدتمیزی کا اندازہ ہوگیا تھا اسی لیے وہ چلے گئے۔
خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی جیمز فلکنر پی ایس ایل 7 کے بقیہ میچز سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بات کا اعلان کیا۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیمز فلکنر نے نشے کی حالت میں بدتمیزی اور توڑ پھوڑ کی، جیمز فلکنر نے آج صبح ہیلمٹ اور بیٹ پھینک کر ہوٹل کی لائٹس توڑ دیں، جیمز فلکنر نے ایئر پورٹ پر امیگریشن حکام اور دیگر عملے سے بدتمیزی کی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے مہمان نوازی کا خیال کیا، ورنہ جیمز فلکنر جیل جاسکتے تھے، جیمز فلکنر کے الزامات غلط ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑی کو ادائیگی کی تھی، بورڈ نے جیمز فلکنر کو پرانے اکاؤنٹ میں ادائیگی کی وہ نئے اکاؤنٹ میں رقم چاہتاتھا، پی سی بی نے جیمز فلکنر کو یقین دلایا تھا کہ بے فکر رہیں معاملہ حل ہوجائے گا۔