تازہ ترین

یونس خان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کیلیے پی سی بی کو اہم مشورہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے قومی ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں حالیہ شکستوں کے بعد پی سی بی کو ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے اہم مشورہ دیا ہے۔

ایشیا کپ میں فائنل ہارنے اور انگلینڈ سے دو میچوں کی بڑی شکستوں کے بعد شائقین اور ماہرین کرکٹ نے آئندہ ماہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے اسکواڈ سے متعلق سوالات اٹھا دیے ہیں، ان حالات میں سابق کپتان یونس خان کھلاڑیوں کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں۔

یونس خان نے پی سی بی کو اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی حمایت کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ شکستوں کے بعد پی سی بی ٹیم میں تبدیلی کرکے خود کو شرمندہ نہ کرے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے واحد بلے باز اور سابق کپتان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حال ہی میں ایشیا کپ فائنل میں مایوس کن کارکردگی اور انگلینڈ کے خلاف کھیلی جارہی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو میچ بڑے فرق سے ہارنے کے بعد قومی ٹیم میں تبدیلی کرکے خود کو شرمندہ نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس یہی کھلاڑی ہیں ہم کہیں اور سے پلیئر نہیں لاسکتے اس لیے ہمیں انہی کے ساتھ کھیلنا چاہیے، پی سی بی کو ٹیم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کرنی چاہیے۔ یہ سلیکشن کھلاڑیوں کا ایک اچھا یونٹ ہے، ہمارے کوچ، کپتان اور پی سی بی کو انہی کھلاڑیوں کا استعمال کرنا چاہیے۔

پاکستان ان دنوں انگلینڈ کے خلاف 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کی میزبانی کر رہا ہے جس کے ابتدائی چار میچز کھیلے جاچکے ہیں اور سیریز دو دو میچز سے برابر ہے۔

آسٹریلیا میں آئندہ ماہ شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم جاری سیریز کے اختتام کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے ہمراہ ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کھیلے گی جس کے بعد وہ آسٹریلیا کیلیے اڑان بھرے گی جہاں ایونٹ میں پہلا مقابلہ روایتی حریف بھارت کے ساتھ ہوگا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، آصف علی، حیدرعلی، حارث روف، افتخار احمد، خوش دل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، عثمان قادر۔ ان کے علاوہ فخر زمان، محمد حارث اور شاہنواز دھانی ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر اسکواڈ کے ہمراہ ہوں گے۔

Comments

- Advertisement -