پاکستان کے سینئر اداکار یوسف بشیر قریشی کا کہنا ہے کہ شادیاں برسوں ساتھ رہنے کے بعد بھی ’انا‘ کی وجہ سے ٹوٹتی ہیں۔
یوسف بشیر قریشی اداکار، ڈیزائنر اور کاروباری شخصیت ہیں، وہ اپنے فن، فلسفے اور عالمی سطح پر پاکستانی ثقافت کو خوبصورتی سے پیش کرنے کی وجہ سے بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔
حال ہی میں وہ ویب شو میں مہمان بنے جہاں زندگی کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔
یوسف بشیر قریشی نے اس انٹرویو میں کئی موضوعات پر بات کی اور انہوں نے سالہا سال ساتھ رہنے کے بعد ٹوٹنے والی شادیوں پر بھی گفتگو کی۔
حال ہی میں اداکار وسیم عباس نے بھی یہ انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اور صبا حمید نے 29 سال ساتھ رہنے کے بعد طلاق کا فیصلہ کیا۔
Lifestyle News – Latest Entertainment News, Celebrity Gossip
یوسف بشیر قریشی کا کہنا تھا کہ برسوں ساتھ رہنے کے بعد بھی شادیاں صرف انا کی وجہ سے ٹوٹتی ہیں، انا رشتوں کو برباد کر دیتی ہے اور ایک بار جب آپ یہ فیصلہ کر لیں کہ آپ نے دوسرے شخص کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کرنا، تو رشتہ ٹوٹ جاتا ہے۔ رشتہ صرف اسی وقت تک چلتا ہے جب تک آپ اسے چلانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محبت کے نت نئے طریقے تلاش کرنا چاہیے مجھے تو کوئی خوبصورت پتہ بھی نظر آجاتا ہے تو اسے اہلیہ یا پھر کسی دوسرے دوست کو اس میں پیغام لکھ کر فریم کرکے بھیج دیتا ہوں۔


