لاہور : سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے ، پیپلز پارٹی نواز شریف یا ان کی حکومت کے ساتھ نہیں بلکہ آئین کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے نجی یونیورسٹی کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیروں پرہونے والے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے بلوچستان پر باتیں کرر ہا ہے مگر مقبوضہ وادی میں ہونے والے ظلم پر انسانی حقوق کی تنظیمیں آواز کیوں نہیں آٹھا رہیں۔
انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کیلئے قوم اور فوج یکجا ہیں کوئی طاقت پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی.
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نواز شریف یا ان کی حکومت کے ساتھ نہیں آئین کے ساتھ کھڑی ہے اور پانامہ لیکس یا کرپشن جیسے مسائل کے حل کیلئے انکی جماعت نے سینٹ میں بل بھی متعارف کروایا ہے.
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا پارلیمنٹ کی مضبوطی اداروں اور ملک کی مضبوطی ہے۔ اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے نہ صرف سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے روئیے پر شکوہ کیا بلکہ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف بھی بدعنوانی کے مقدمات تھے مگر کسی نے تب ٹی۔او۔آرز بنانے کی بات نہیں کی۔