لاہور: کشمیر یوتھ الائنس کے زیرِ اہتمام سماجی کارکنان، میڈیا نمائندگان اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ نے ایک اجتماع میں کشمیر کی حالیہ صورتحال، کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال، گاڑیوں کے نیچے نوجوانوں کو روندھنے اور گھروں کو آگ لگانے کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں دہائیوں سے جاری ظلم و جبر اور بر بریت کے خلاف اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے میڈیا اور سوشل میڈیا سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے لاہور میں منعقد ہونے والے سیمینار میں شرکت کرکے بھارت کو سخت ترین پیغام دیا۔
لاہور میں منعقدہ تقریب میں تابش قیوم سیکرٹری انفارمیشن ملی مسلم لیگ، اینکرپرسن اسداللہ خان، کشمیر یوتھ الائنس کے بانی ممبران طہ منیب ، رضی طاہر، کاشف ظہیر کمبوہ،ملک سلمان صدر پاکستان فیڈریشن آف کالمسٹ یوتھ ایکٹیوسٹس وجاہت شاہ، راجا ریپ سٹار،بلال اسلم، چوہدری عثمان مختار، فہد شہباز، فیضان اشرف، انیتا الیاس ، سعود احمد، احسن نصیر ، رانا تجمل حسین سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم، مظہر علوی صدر عوامی تحریک یوتھ ونگ، اقلیتی برادری کے نمائندگان ارون کمار ، آکاش سنگھ اورفیصل الیاس نے شرکت کی۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیااور سوشل میڈیا کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے۔حکومتی سطح پر اقدامات میں کسی صورت سستی نہیں ہونی چاہیے ، مقبوضہ کشمیر میں اذیت بھری زندگی بسر کرنے والے ہمارے کشمیری بھائیوں کو آزادی کی منزل تک پہنچانا ہر پاکستانی نوجوان کی خواہش ہے۔ کشمیر یوتھ الائنس کے جانب سے قرارداد بھی پیش کی گئی جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ کشمیر کے حوالے سے خارجہ پالیسی کو مزید مضبوط کیا جائے اور دنیا میں مسئلہ کشمیر کو پیش کرنے کیلئے باصلاحیت نوجوانوں کا انتخاب کیا جائے۔
کشمیر میں جاری حالیہ بربریت پر شدید تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ عالمی اداروں کی رپورٹس چیخ چیخ کر بھارتی بربریت کی گواہی دے رہی ہیں۔ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا نوٹس لے۔ گزشتہ دنوں نوجوانوں کو گاڑی کے نیچے روندا گیا، گھروں کو آگ لگائی گئی، ایسے واقعات کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کم نہیں کرسکتے، تقریب کے آخر میں کشمیری عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعاکی گئی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں